• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماں بننےکے دوران اور بچے کی پیدائش کے بعد عموماً خواتین کا وزن بڑھ جاتا ہے جبکہ اکثرخواتین بچے کی صحت اور اس کا دھیان رکھنے میں خود سے بیگانہ ہوجاتی ہیں۔ بڑھتی عمر اور بڑھتے رشتوں کی ضروریات کو پورا کرنے میں اپنی ذات کو ہرگز نظر انداز نہ کریں۔ اپنی غذا، خوبصورتی اور فٹنس کا اسی طرح خیال رکھیں جتنا آپ شادی سے پہلے رکھا کرتی تھیں۔ یوں سمجھ لیں کہ بڑھتی عمر آپ کا اپنے لیے زیادہ وقت اور زیادہ خیال چاہتی ہے۔ خاتوں خانہ ہوں یا پھر ورکنگ ویمن، اپنے لیے وقت نکالنا دونوں کے لیے ہی تھوڑا مشکل ہے مگر ناممکن نہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ صحت بخش غذائیں کھانے کے ساتھ جتنا ممکن ہو ورزش بھی کریں۔ سیلیبرٹیز کو ہی دیکھ لیں، کتنی ہی اداکارائیں ایسی ہیں، جو دو یا تین بچوں کی ماں ہونے کے باوجود کسی حسین دوشیزہ سے کم نہیں لگتیں۔ یہ مائیں آج بھی خوبصورت اور حسین نظر آتی ہیں کیونکہ انہوں نے بچوں کی پیدائش کے بعد بھی اپنا خیال رکھا ہوا ہے۔ ہم نے آج کچھ ایسی ہی سیلیبرٹیز کی فہرست ترتیب دی ہے، جنہوں نے ماں بننے کے باوجود فٹنس کو برقرار رکھا اور اپنی خوبصورتی پر کسی طرح کا سمجھوتا نہیں کیا۔

ماہرہ خان

ماہرہ خان پاکستان کی فیشن کوئین ہیں، ان کا شمار فٹ ماؤں میں بھی کیا جاتا ہے۔ پاکستان کی خوبصورت اداکارہ ایک پیارے سے بیٹے کی ماں ہیں۔ ان کی خوبصورت شخصیت اور فٹنس کے باعث ان پر ہر طرح کا مشرقی و مغربی لباس اپنی خوبصورتی بڑھاتا نظر آتا ہے۔ ماہرہ کی جِلد ہو یا فٹنس، ہر طرح سے وہ کامیاب اور خوبصورت اداکاروں میں شمار کی جاتی ہیں۔

ایشوریہ رائے بچن

کیا آپ جانتی ہیں کہ بالی ووڈ باربی ایشوررائے 44 سال کی ہوچکی ہیں؟ ان کی فٹنس آج بھی خواتین کے لیے مثالی حیثیت رکھتی ہے۔ سابق عالمی حسینہ اور بچن خاندان کی اکلوتی بہو ایشوریہ رائےکا وزن بھی بیٹی کی پیدائش کے بعد بڑھنے لگاتھا لیکن بالی ووڈ کی خوبصورت اداکارہ نے فٹنس روٹین اور سلمنگ آئل کے سبب بڑھتے وزن پر قابو پایا اور آج ایک بار پھر ایشوریہ کسی حسین باربی ڈول کی طرح لگتی ہیں۔ ایشوریہ رائے خواتین کو ورک آؤٹ کے بجائے یوگا کرنے کا مشورہ دیتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یوگا وزن میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ ذہنی سکون کا باعث بھی بنتا ہے۔

عائزہ خان

خوبصورت اور فٹ ماؤں کی بات ہو اور پاکستان کی عائزہ خان کا ذکر نہ آئے تو زیادتی ہوگی۔ عائزہ شادی اور دو بچوں کی پیدائش کےبعد بھی اتنی ہی خوبصورت اور فٹ ہیں جتنی وہ شادی سے پہلے ہوا کرتی تھیں بلکہ بڑھتے ماہ و سال ان کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کا سبب بن رہے ہیں۔ اداکارہ عائزہ خان سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک رہتی ہیں۔ وہ اکثر اپنی بیٹی حورعین کے ساتھ اسٹائلش تصاویر مداحوں سے شیئر کرتی رہتی ہیں، جس میں فیشن کے بھی نت نئے انداز نظر آتے ہیں ۔

جیسیکا البا

ہالی ووڈ کی مشہور اداکار ہ جیسیکا البا 37برس کی ہیں۔ وہ دو بچوں کی ماں ہونے کے باوجود آج بھی کسی کم عمر لڑکی کی طرح خوبصورت نظر آتی ہیں۔ جیسیکا کے مطابق وہ ورک آؤٹ کا جنون نہیں رکھتیں تاہم فٹنس کے لیےصبح سویرے ہاٹ یوگا کا انتخاب کرتی ہیں۔ مصروفیات کی بناء پر اگر وہ یوگا نہ کرپائیں تو گھر میں سائیکلنگ ضرور کرتی ہیں۔ جیسیکا کے مطابق جوںجوں ان کی عمر بڑھ رہی ہے، خاص طورپر ماںبننے کے بعد تو صحت مند اور فٹ رہنا اور بھی ضروری ہوگیاہے۔ وہ گلیٹن، ڈیری، تلی ہوئی اشیااور پروسیسڈ فوڈ نہیں کھاتی ۔ جیسیکا کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنی خوراک میں میٹھی اور نشاستے والی اشیا کم جبکہ پروٹین اور سبزیاں زیادہ استعمال کریں۔

تازہ ترین