• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی لانڈرنگ کیس، زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں 7؍ جنوری تک توسیع

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کی بینکنگ عدالت نے سندھ میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت میں 7جنوری تک توسیع کر دی ہے،آصف زرداری اور فریال تالپورعدالت پہنچے توجیالوں کی جانب سے عدالت کے اندر شدید نعرے بازی کی گئی، جیالے کمرہ عدالت کی کرسیوں پرچڑھ گئے۔ آصف زرداری کی آمد پرشدید بد نظمی دیکھنے میں آئی۔جس پر عدالت کے جج نے کمرہ عدالت کی صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا۔ جمعہ کوبینکنگ کورٹ کراچی میں 35ارب روپے میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور چھٹی بار بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے۔ عدالتی عملے نے ملزمان کا نام پکارنا شروع کیا جس پرزین ملک، نمر مجید ، ذوالقرنین ، علی کمال مجید اور دیگرنے حاضری لگائی۔ مختصرسماعت کے آغاز پر جج نے وکلاء سے کہا کہ وکلاء اور ملزمان کوآگے آنے دیں اورغیرمتعلقہ افراد باہرجائیں۔ اس ہدایت کے باوجود جیالے کمرہ عدالت کی کرسیوں پرچڑھ گئے۔ آصف زرداری کی آمد پرشدید بد نظمی دیکھنے میں آئی۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیس میں کیا پوزیشن ہے؟، ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا جے آئی ٹی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔ عدالت عظمی کے فیصلے کا انتظار ہے۔عدالت نے سابق صدر آصف علی زرادری اور فریال تالپور کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 7جنوری تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ عدالت کے چاروں اطراف سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

تازہ ترین