آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
جمعرات10؍جمادی الاوّل 1440ھ 17؍جنوری2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خوبصورت نظر آنا ہر انسان کی فطری خواہش ہوتی ہے، خواتین میں یہ خواہش اور بھی زیادہ پائی جاتی ہے۔ کئی خواتین چہرے کی جِلد کو نرم وملائم ،چکنا اور شاداب رکھنے کے لیے مختلف کریمیں ،لوشن اور ماسک استعمال کرتی ہیں، ہرچند کہ جِلد کی خوبصورتی کو نِکھارنے او راس کی حفاظت کے لیے بیوٹی پراڈکٹس کے استعمال سے انکار ممکن نہیں، تاہم خوبصورتی کے لیے آپ کی کوششیں بیوٹی پراڈکٹس تک محدود نہیں رہنی چاہئیں۔خواتین کو بیوٹی پراڈکٹس کے ساتھ ساتھ ایسی غذائیں بھی استعمال کرنی چاہئیں، جو ان کے حُسن اور خوبصورتی کو مزید نِکھار سکتی ہیں۔کچھ ایسی ہی غذاؤں کا تذکرہ کیا جارہا ہے، جن کا چہرے کو خوبصورت اور شاداب بنانے میں اہم کردار ہوتا ہے۔

شملہ مرچ

اکثر لوگ شملہ مرچ کو اس کے ذائقے ،رنگ اور خوشبوکی وجہ سے پسند کرتے ہیں۔ یہ مرچ کی ہی ایک قسم ہے لیکن اس میں تیکھا پن نہیں ہوتا، اس لیے یہ سلاد میں بھی استعمال ہوتی ہے ۔ شملہ مرچ میں وٹامن سی اور فولاد کی بڑی مقدار شامل ہوتی ہے ، جو چہرے سے جُھریوں کا خاتمہ کرنے میں مدد دیتی ہے۔ خاص طور پر آنکھوں کے قریب پڑی جُھرّیاں آہستہ آہستہ غائب ہوجاتی ہیں۔ اس میں وٹامن بی2اور فولیٹ بھی شامل ہوتا ہے، لہٰذا یہ بےچینی وافسردگی (ڈپریشن )کو بھی دور کرتی ہے۔

اس کے علاوہ، شملہ مرچ بہترین اینٹی آکسیڈنٹ ہوتی ہے۔ شملہ مرچ میں موجود کیمیکل خاص طور پر بیٹا کیروٹین ،اینٹی آکسیڈنٹ کا کام دیتا ہےاور جِلد کو سوزش، جلن اور سوجن سے بچاتا ہے۔ تو آج سے ہی شملہ مرچ کا استعمال شروع کردیں اور اس کی غذائیت سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں۔

ڈارک چاکلیٹ

ڈارک چاکلیٹ میں فلیوونائڈز (flavonoids) ہوتے ہیں جوکہ اینٹی آکسیڈنٹ ہوتے ہیں، لہٰذ اس چاکلیٹ کے استعمال سے آپ کی جِلد چمکدار اورجوان رہتی ہے۔ ڈارک چاکلیٹ آپ کے چہرے کو دھوپ کی تمازت سے محفوظ رکھتی ہے ۔اس کے علاوہ یہ ذہنی دباؤ کو کم کرتی ہے، جس سے چہرے پر جھرّیاں کم پڑتی ہیں اور چہرہ کھِلا کھِلا لگتا ہے ۔ڈارک چاکلیٹ کے فوائد میں دل کی صحت میں اضافہ اور تھکن سے بچاؤ بھی شامل ہیں۔ ڈارک چاکلیٹ ان تمام علامات کو دور کرنے میں کردار ادا کرتی ہے، جو بڑھاپے کی وجہ بنتے ہیں۔ڈارک چاکلیٹ ہمارے بڑھاپے کی رفتار کو کم کر دیتی ہے، جس سے ہم زیادہ عرصہ جوان رہتے ہیں اور بڑھاپا ذرا دیر سے آتا ہے، تو پھر آپ چاکلیٹ کا استعمال ضرور کریں۔ ڈارک چاکلیٹ میں آئرن، کوکو، پوٹاشیم، فاسفورس، زنک، سیلینیم، فائبر، کاپر اور میگنیشیم بھی پایا جاتا ہے ۔

لیموں

لیموں وٹامن سی کا خزانہ ہے ،اس لیے یہ چہرے سے سیاہ داغ دھبّے ،مہاسے اور کیلیں ختم کرنے میں مدد دیتا ہے ۔یہ جِلدی بیماریوں خصوصاً ایگزیما (eczema) کو بھی دُور کرتا ہے۔ وٹامن سی کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ قوتِ مدافعت میں اضافہ کرتا ہے اور بہت سی بیماریوں کو آپ سے دور کرتا ہے ۔ لیموں خاص طور پر وائرس کے ذریعے ہونے والےانفیکشن کو ختم کرنے اور سانس کے مرض کی شدت کو کم کرنے میں انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے ۔

دہی

دہی میں لیکٹک ایسڈ (lactic acid) شامل ہوتا ہے، جو جِلد کے خلیوں کی مرمت کرتا اور اسے جِلا بخشا ہے ۔وقت سے پہلے آنے والے بڑھاپے کو آ پ کے چہرے پر عیاں ہونےسے روکتا ہے۔ وہ خواتین جو اپنی جِلد کو شگفتہ ،ملائم اور شاداب رکھنا چاہتی ہیں ،معالج انھیں دہی کا ما سک لگانے کا مشورہ دیتے ہیں ۔اس کے علاوہ دہی میں کیلشیم اور وٹامن ڈی بھی موجود ہوتا ہے ،جس سے جوڑوں کی بیماریاں، خاص طور پر ہڈیوں کا بھُر بھُر ا پن (اوسٹیو پوروسز)دور ہوتا ہے ۔ دہی کو پابندی سے کھانے سے ہاضمے کا نظام درست رہتا ہے،کیوں کہ اس میں صحت منداجزا کی بڑی مقدار شامل ہوتی ہے ۔

انڈا

انڈے میں وٹامن ڈی اور بائیوٹن(biotin) ہوتا ہے ،جوخود بھی وٹامن میں شمار ہوتا ہے ۔ یہ اجزا انسانی جِلد کو کیل مہا سوں ، ریشز اور خشکی سے بچاتے ہیں۔ اس کے علاوہ انڈا قوتِ مدافعت میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ انڈا چوں کہ اینٹی آکسیڈنٹ ہوتا ہے ،لہٰذا یہ کورنیا(cornea) کے سفید حصے میں پیدا ہونے والی خرابی کو دور کرتا اور موتیا سے بچاتا ہے ۔اس کے علاوہ انڈا آپ کو توانائی فراہم کرتا ہے ۔اس میں پروٹین بھی ہوتا ہے، جو ہڈیوں اور عضلات کے لیے بے حد ضروری ہے ۔

Chatاپنی رائے سے آگاہ کریں