لاہور (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاش پر سیاست فواد چوہدری ہی کر سکتے ہیں، اپنی جان سے چلے جانے والے شخص کے بارے میں اس طرح کا بیان بیمار ذہنیت اور بے حسی کی انتہاء ہے، نیب کو کسی فرد کے سماجی مرتبے، عزت، بیماری اور جان سے کوئی دلچسپی نہیں، شہباز شریف کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کینسر کی علامات کی نشاندہی کے باوجود ایک مریض کو علاج اور میڈیکل رپورٹس سے دور رکھنے کا مطلب اس کی جان لینے کے سوا اور کیا سمجھا جائے؟ میاں جاوید کی ہتھکڑی لگی لاش کا تازہ ترین سانحہ اس خدشے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان 2 پیشیوں پر اپنے وکیل پر برس پڑے تھے، 165 بار پیش ہونا پڑتا تو خودکش حملہ کر دیتے، مجرمانہ رویہ سامنے آنے پر نیب نے شہباز شریف کی طبی معائنے کی درخواست کو پر لگا دئیے، 22 نومبر سے اب تک متعدد درخواستیں دی گئیں لیکن نیب حکام کے کان پر جوں تک نہ رینگی، اب میڈیا میں میاں جاوید کے جاں بحق ہونے پر ہونے والی تنقید سے بچنے کے لئے پھرتی دکھائی جا رہی ہے، شہباز شریف کی صحت سے متعلق 9 سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ کی تجاویز پر مجرمانہ تاخیر برتی گئی، نیب کی جانب سے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ دینے میں دانستہ لیت و لعل برتا گیا، یہ رویہ ایک کینسر سے شفایاب ہونے والے مریض کے بارے میں برتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مرحلے پر شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹس دینے میں جان بوجھ کر تاخیر کی گئی حالانکہ انہیں بار بار معاملے کی سنگینی کے بارے میں یاد دلایا گیا، ڈھائی ہفتے کی تاخیر کا جواب کون دے گا؟ محکمہ جیل خانہ جات کی بے حسی کا رویہ انتہائی قابل افسوس اور قابل مذمت ہے، احتساب کے نام پر انتقامی رویوں کی افسوسناک تاریخ رقم نہ کریں۔