سپریم کورٹ آف پاکستان نے چکوال و دیگرمقامات سے ریلوے اراضی سے تجاوزات ہٹانے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ریلوے خسارہ پر از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے سماعت سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کی ۔
سماعت کے دوران وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
سپریم کورٹ نےریلوے اراضی سےمتعلق تمام ہائی کورٹس اور دیگر ماتحت عدالتوں کے حکم امتناعی طلب کر لئے۔
عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ ریلوے کی اراضی تاحکم ثانی لیز پر ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے قیام کے لیے نہیں دی جائے گی۔
سپریم کورٹ نے چکوال و دیگر مقامات سے ریلوے اراضی پر سے تجاوزات ہٹانے جبکہ رائل پام کلب کے مالکان کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیر ریلوے شیخ رشید کا عدالت میں کہنا تھا کہ ریلوے کی اراضی ریلوے کی ہے، اس اراضی کو ریلوے کے مقاصد کے لیے ہی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیئے کہ ریلوے اراضی ریلوے کی نہیں بلکہ وفاقی حکومت کی ملکیت ہے۔
سپریم کورٹ نے ریلوے خسارہ کیس کی سماعت27 دسمبر تک ملتوی کر دی۔