مصنّف: انجم سلطان شہباز
صفحات: 1126 ،قیمت2000: روپے
ناشر:بُک کارنر،جہلم
تحقیقی کام نہ صرف یہ کہ دقّت طلب ہوتا ہے، بلکہ طویل وقت کا بھی تقاضا کرتا ہے۔ اُن صعوبتوں سے تحقیق کی دُشوار گزار گھاٹیوں سے گزرنے والے ہی واقف ہوسکتے ہیں۔ انجم سلطان شہباز کے تحقیقی و تصنیفی و تالیفی کاموں کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ وہ زندگی کے لمحات کو تحقیق و تصنیف و تالیف کی نذر کرنے کا تہیہ کیے بیٹھے ہیں۔ اُن کی تازہ ترین ’’تاریخِ جہلم‘‘پر ایک سرسری نظر ڈالتے ہی یہ جانا جا سکتا ہے کہ انہوں نے اس تاریخ کو ترتیب دینے میں کتنی جاں فشانی سے کام لیا ہو گا۔ کتاب میں تصاویر کا گوشہ بھی شامل ہے اور بعض تصاویر انتہائی تاریخی نوعیت کی ہیں، تاہم انہیں کتاب کے آخر میں شایع کیا جاتا، تو مناسب ہوتا۔