• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری اور نواز شریف ٹھگز آف پاکستان ہیں، فواد چوہدری

اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہاہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف ٹھگز آف پاکستان ہیں ‘ان کا طریقہ واردات ایک ہی ہے‘یہ دونوں پاکستان سے منی لانڈرنگ کمپنیاں چلا رہے تھے ‘ نوازاورزرداری گینگ نے ملک کو لوٹنے کےلئے چارٹر آف کرپشن کیا تھا‘ہمیں احتساب کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے ‘جو لیگی رہنماءابھی بول رہے ہیں ان کو اپنی فکر ہے ‘احسن اقبال بتائیں نوازشریف کو کون لایا‘شریف برادران ضیاءالحق سے قبل کبھی کونسلر بھی منتخب نہیں ہوئے تھے‘ میاں صاحب کا جاتی امراءکا گھر 100ایکڑ پر بنا ہے جہاں 700ملازم ہیں ، ان کی تنخواہیں کہاں سے آتی ہیں جبکہ وزیرمملکت برائے ریونیو حماداظہر کا کہناتھاکہ علیمہ خان نے منی ٹریل سپریم کورٹ میں پیش کردی ہے‘ اگر ہماری صفوں میں بھی کوئی چورنکلے گا تو ہم خود نیب کے حوالے کریں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کو مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ فواد چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ احسن اقبال کے بیانات سے حیرت ہوئی،احسن اقبال شایدیہ بھول گئے کہ مسلم لیگ ن کو کس نے پاکستان پر مسلط کیا تھا،احسن اقبال کی انجینئرنگ جنرل ضیاءالحق کے کوٹے سے ہوئی تھی،(ن) لیگ جواب دیتی ہے کہ اگر ہم چور ہیں تو باقی سب بھی چور ہیں ،نوازشریف اور آصف زرداری کا طریقہ واردات ایک ہی ہے ، کمیشن پاکستان سے باہر جا کر واپس پاکستان آنا تھا ،دونوں کا کام صرف منصوبوں پر کمیشن کھانا تھا ، آصف زرداری اور نوازشریف دنیا کا سب سے بڑا منی لانڈرنگ نیٹ ورک چلا رہے تھے ‘نوازشریف کے پاس دس گھر ‘ بلٹ پروف گاڑیاں ہیں‘ یہ کہنا کہ بابر اعوان یا علیم خان کو کیوں گرفتار نہیں کیا ، نیب نے فیصلے تک نوازشریف کو بھی گرفتار نہیں کیا تھا جس ریکارڈ کو نیب طلب کرتا تھا وہ جل جاتا تھا اس لئے شہبازشریف اور سعد رفیق کو گرفتار کیا گیا ۔ شہباز شریف کے مقدمے میں ثبوت مٹائے جاتے رہے تھے جو نیب کے ساتھ تعاون کر رہا ہے اس کو نیب گرفتار نہیں کر رہا ۔ سندھ کا 35فیصد ترقیاتی بجٹ زرداری کے پاس چلا گیا‘ آصف زرداری اور نوازشریف نے کرپشن کے ریکارڈ توڑے ہیں ‘ پنجاب میں پراجیکٹس کا بڑا حصہ شہباز شریف اور حسن ،حسین نواز کے پاس چلا گیا، تمام کاغذی کمپنیاں بنا کر کرپشن کی گئی ۔ اس موقع پروزیرمملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا کہ العزیزیہ کمپنی کا 88فیصد منافع نوازشریف کو‘باقی ان کے ملازموں کو بجھوایا گیا‘ علیمہ خان نے کبھی عوامی عہدہ نہیں رکھا ، انہوں نے اپنی منی ٹریل سپریم کورٹ میں پیش کی ہے‘انہوں نے جرمانہ ادا کیا ،پی ایس ڈی پی کی رقم کمیشن کی صورت میں بیرون ملک منتقل کی جاتی تھی‘ان کی کمپنیاں منی لانڈرنگ کےلئے استعمال ہوتی تھیں‘ان سے سوال کرو تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے ، حکومت کا کوئی رکن کرپشن میں ملوث ہوگا تو اسے نیب کے حوالے کریں گے ‘ آصف زرداری کی رپورٹ بنانے پر جے آئی ٹی مبارکباد کی مستحق ہے ‘ جو لوگ ان کی کرپشن کا دفاع کر رہے ہیں ان کو شرم آنی چاہیے ۔ اس موقع پر سینیٹرشبلی فراز نے کہا کہ احتساب کی وجہ سے جمہوریت کمزور نہیں مضبوط ہورہی ہے ‘ہم نے احتساب کا نظام شروع کیا اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے‘ کرپٹ افراد نے ملک کو بدنام کیا ہے‘ جس نے ملک لوٹا اس کو جواب دینا ہوگا‘اس موقع پرفواد چوہدری نے کہا کہ ہم چیئرمین نیب کے ترجمان نہیں ہیں ، اگر نیب کے ہم نمائندے ہوتے تو احتساب کا عمل مزید تیز ہوتا ۔ اس موقع پر حماد اظہر نے کہا کہ حکومت ٹیکس کی مد میں غریبوں پر مزید بوجھ نہیں ڈالے گی ۔ فوادچوہدری نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی شہبازشریف کو دینے پر پارٹی میں اختلاف رائے موجود ہے ، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی کے بعد شہباز شریف نیب کی حراست میں نہیں رہ سکتے ، شہبازشریف حکم جاری کر رہے ہیں کہ نیب ان کے سامنے آکر پیش ہو۔وزیر ممالکت ریونیوحماد اظہر نے کہا کہ حکومت کاروباری طبقوں پر ٹیکسز کی شرح کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔

تازہ ترین