لاہور(نمائندہ جنگ) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مسٹر کلین نہیں ہیں،انتقامی کارروائیاں ان کے گلے کا پھندا بنیں گی،بنی گالہ کی تجاوزات پر قوم سے معافی مانگیں اور اگر ہمت ہے تو قوم کو حقائق بھی بتائیں،وزیراعظم علیمہ خان کے اثاثےسامنےلیکر آئیں،جعلی احتساب زیادہ دیر تک چلنے والا نہیں،خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر پر سیر سپاٹوں کی تفصیل بھی بتائیں،احتساب کے پیچھے انتقام کی بو آتی ہے،عمران خان اپنے دائیں بائیں دیکھیں کرپشن کرنے والے نظر آئیں گے،عمران خان اور ان کی حکومت کو سیاسی انتقام بہت مہنگا پڑے گا۔نیب لاہور میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام عمران خان کی حکومت کے اقدامات کو دیکھ رہے ہیں،ایسا نیا پاکستان پاکستانی عوام نے مسترد کردیا ہے، جعلی احتساب کا دور زیادہ دیر تک چلنے والا نہیں اور ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔