موسم سرد ہو یا گرم سن گلاسز کا فیشن کبھی پرانا نہیں ہوتا۔ فیشن ٹرینڈ سیٹر زکے مطابق کسی بھی موسم میں سن گلاسز پہننانہ صرف فیشن کے ذمّرےمیں آتا ہے بلکہ اس سے چہرے کی دلکشی میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور یہ سال بھر آنکھوں کو سورج کی الٹراوائلٹ شعاعوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔ موسم سرما کا استقبال تو ہم کرچکے ہیں، ایسے میں سویٹر ،جیکٹ اور شال کی خریداری کے ساتھ ساتھ آپ ٹرینڈ کے مطابق مختلف ڈیزائن کے سن گلاسز خریدنے کے لیے دکانوں کا رُخ کریں گے۔ آج بات کرتے ہیں کہ موسم سرما کے لیے سن گلاسز میں کیا ٹرینڈز چل رہے ہیں۔
ماربل فریم
ماربل فریم والے سن گلاسز موسم سرما کے مقبول ٹرینڈز میں سے ایک ہے۔ اس فریم کے ساتھ آپ کا چہرہ مزید جاذبِ نظر اور خوبصورت لگتا ہے۔ یہی نہیں، یہ فریم بالوں اور اسٹریکنگ کے تمام کلرز اور ٹونز پر بے حد جچتا ہے۔ اگر آپ کا ذوق کچھ اس طرح کا ہے کہ ایک رنگ کے سن گلاسزآپ کو نہیں بھاتے، تو ماربل فریم کےساتھ دو رنگوں والے سن گلاسز بھی مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔
گہرا سبز یا نیلا فریم
موسم سرما میں کچھ نمایاں اور منفرد نظر آنے کے لیے ڈیزائنرز سن گلاسز کی شیپ کو ہی نہیں بلکہ فریم کے رنگوں کوبھی خاص اہمیت دے رہے ہیں۔ گہرا سبز رنگ ہویا نیلا، دونوں ہی موسم سرما کے لیے بہترین انتخاب بن سکتے ہیں۔ اگر آپ بھی کچھ ایسے ہی سن گلاسز پہننے کا ذوق رکھتے ہیں تو پلاسٹک فریم کے بجائے میٹل یا لکڑی کے فریم کے سے فیوچرسٹک(Futuristic) اسٹائل کا انتخاب کیجیے۔ اگر آپ یہ اسٹائل پسند نہیں کرتے تو پلاسٹک کے فریم میں گول ،چوکور اور کیٹ آئی شیپ سن گلاسز بھی بے حد بھلے محسوس ہوتے ہیں ۔
ریٹرو فیوچرسٹک فریم
اگر آپ کی طبیعت کچھ غیر معمولی اور منفرد ذوق کی حامل ہےتو ریٹرو فیوچرسٹک (Retro Futuristic) فریم کا انتخاب آپ کو حیران یا پریشان نہیں کرے گا۔ یہ شیپ دوسرے شیپ کی نسبت خاصی بڑی اور متاثر کن محسوس ہوتی ہے، جو آنکھوں کے علاوہ آپ کی رخسار کی ہڈی تک کو ڈھانپ لیتی ہے۔ اس طرح نہ صرف آپ دھوپ بلکہ ان لوگوں سے بھی محفوظ رہتے ہیں، جنہیں آنکھوں میں جھانکنے کی عادت ہوتی ہے۔ اس اسٹائل کے لیے کوئی ایک ڈیزائن مخصوص نہیں، اورنج اور براؤن کلرریٹرو فیوچرسٹک اسٹائل کے لیے بہترین ہے۔
کالا اور سفید فریم
کالے اور سفید فریم کا لازوال امتزاج کوئی نیا نہیں بلکہ صدیوں پرانا ہے۔ سردیوں میں ایک بار پھراس کو متعارف کروانے کا سہرا ہالی ووڈ سیلیبرٹیز کو جاتا ہے، جنھوں نے مشہور برانڈ کے سن گلاسز پہن کر موسم سرما کے ٹرینڈز میں ایک بار پھر کالے اور سفید رنگ کے امتزاج کا خوبصورت اضافہ کیا۔ رواں سیزن میں اس کلر کومبو کے ساتھ متعارف کروائے گئے سن گلاسز کے فریم زیادہ بڑے نہیں ہیں ۔ ان کے فریمز دھات اور مصنوعی ریشم سے بنائے گئے ہیں، جو انھیں مختلف شیپ دیتے ہیں۔
ٹینزی گلاسز
سالِ رواں اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔ اس برس جہاں بڑے بڑےسن گلاسز کا فیشن رہا، وہیں آئند ہ برس آپ کو بڑے بڑے سن گلاسز کے بجائے چھوٹے اور پتلے شیپ کے ٹینزی گلاسز (Teensy Glasses)پہننے لڑکیاں دکھائی دیں گی۔ اس ٹرینڈ کو جگ بھر میں مشہور کرانے کا سہراکینڈل جینر، ریہانا، کم کاردیشین اور ملی سائرس کو جاتا ہے۔ کہتے ہیں نا کہ فیشن گھوم پھر کر واپس آجاتاہے، تاہم اب ان چشموں کو جدت کے ساتھ پیش کیا جارہاہے۔
سن گلاسز کا استعمال آخر کیوں؟
سن گلاسز کا استعمال ہر موسم کے لیے بے حد ضروری ہے۔ انٹرنیشنل ماہر طب ڈاکٹر رونالڈ برانڈ کے مطابق موسم سرما میں سن گلاسز کا استعمال دگنی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ ایک طرف یہ سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعوں سے آنکھوں کو محفوظ رکھتے ہیں، تو دوسری طرف سرد ہواؤں کے ساتھ آتی مٹی اور دھول سے بھی حفاظت کرتے ہیں۔
٭برطانیہ میں جِلد کے کینسر کی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ جِلد کے کینسرسے متاثر ہونے والے افراد پلکوں کے کینسر کا شکار ہیں۔ پلکیں اور اس کے ارد گرد کا حصہ کینسر کیلئے حساس ہے اور اس جگہ پر سورج کی شعاعیں کینسر کا سبب بن جاتی ہیں۔
٭ سن گلاسز سر درد اور آنکھوں میں کھنچاؤ سے بھی محفوظ رکھتے ہیں۔
اگر آپ ایک ہی سن گلاسز کو طویل عرصے تک استعمال کرنے کے شوقین ہیں تو یہ عادت بھی آپ کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے ۔ معروف برطانوی رپورٹ کے مطابق سن گلاسز کو ہر دو سال بعد تبدیل کر لینا چاہیے، کیونکہ وقت کے ساتھ ساتھ مسلسل پڑنے والی شعاعیں چشمے کو خراب کر دیتی ہیں اور وہ الٹرا وائلٹ شعاعوں کو روک نہیں پاتے، جس کی وجہ سے یہ شعاعیں آنکھوں تک پہنچ کر انہیں نقصان پہنچا سکتی ہیں۔