سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آبادی جتنی آپ نے دکھائی ہے اس سے کہیں زیادہ ہے۔
کشمور میں کارکنوں سے خطاب میں آصف زرداری نے کہا کہ آپ ای سی ایل کا بینڈ بجارہے ہیں،میں نے تو ضمانت کے وقت پاسپورٹ جمع کرادیا تھا ،مجھے باہر جانے کی ضرورت کیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ صرف بینڈ بجانا ہے تو بجائیں اس سے میرا ووٹر متاثر نہیں ہوتا۔
آصف زرداری نے کہا کہ میرے دوستو، آپ مضبوط رہو، میں ان سے ڈرنے والا نہيں،ہم تو چاہتےہیں کہ آپ رہیں، لیکن آپ سیاسی اداروں کو ختم کرنے میں لگے ہیں تو ہم کیا کرسکتے ہیں۔
پی پی شریک چیئرمین نے کہا کہ بولی تو میری میٹھی ہے لیکن اسلام آباد میں بیٹھے گونگے بہروں کو مخاطب کرنے کے لیے اردو میں بات کرتاہوں ۔
ان کا کہنا تھا کہ جس نے بھی ملکی ترقی کے لیے کام کیا ان کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ نے اچھا سلوک نہیں کیا،ہم کو یہ جتنا کاٹیں گے ماریں گے ہم اور بڑھیں گے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ میری حکومت نہیں گراسکے، میں نے انہیں 5 سال حکومت چلا کر دکھائی،ہم اپنی دھرتی اور عوام کی خاطر لڑ رہے ہيں،آپ کے پاس عقل نہیں ہے تو میں کیا کروں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ سے ٹیکس اکٹھا نہیں ہورہا، ہمارے دور میں تو ہورہا تھا، اس کا مطلب آپ کے اداروں میں مسئلہ ہے،آبادی جتنی آپ نے دکھائی ہے اس سے کہیں زیادہ ہے۔