پشاور (خصوصی نامہ نگار) سوات اور پشاور نے اسامہ طاہر شہید میموریل انٹر ڈویژنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کے مرد وخواتین سنگلز ٹائٹل جیت لئے، خواتین اور مرد ٹیم ایونٹ کے ٹائٹل پشاور کے نام رہے، جونیئر ہوپ ٹائٹل زین نے جیت لیا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس جنید خان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، خیبر پختونخوا ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری کفایت خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مرد سنگلز فائنل میں سوات کے شاہ خان نے پشاورکے امم خواجہ کو تین صفر سے جبکہ خواتین سنگلز فائنل میں اقراء نے نمرہ کو تین صفر سے شکست دیکر اعزاز اپنے نام کیا۔ مرد ٹیم ایونٹ فائنل میں پشاور نے ابصار ویلفیئر فائونڈیشن کو تین صفر سے ہرایا، پہلے میچ میں شرجیل نے امم خواجہ کو تین صفر سے، دوسرے میچ میں شہریار نے ابصار کو تین دو جبکہ تیسرے میچ میں حسیب نے اویس کو تین صفر سے شکست دے دی۔ خواتین ٹیم ایونٹ فائنل میں پشاور نے صوابی کو تین ایک سے ہرایا۔ جونیئر ہوف کیٹگری کے فائنل میں زین نے توقیر کو تین صفر سے ہرایا۔