• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید بینظیر بھٹو ظلم و ناانصافی کیخلاف توانا آواز تھیں، چوہدری عبدالمجید

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) پیپلز پارٹی اسکاٹ لینڈ کے زیراہتمام شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی گیارہویں برسی بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ مقامی ریسٹورنٹ میں ہونے والی اس تقریب میں کثیر تعداد میں پارٹی کے ورکرز اور رہنما شریک ہوئے۔ پیپلز پارٹی اسکاٹ لینڈ کے صدر چوہدری عبدالمجید، ڈاکٹر ہمایوں، پروفیسر عادل بھٹی، محمد شعیب، پیٹر گل، میجر ماجد حسین، ڈاکٹر کاردار، محمد اظہر، مسز صبا اور شمشاد وحید غنی نے کہا کہ پی پی میں ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر بے نظیر بھٹو شہید تک قربانیوں کی ایک طویل داستان ہے۔ اس خاندان نے پاکستان اور اس کے عوام کے لیے اپنی جانیں قربان کردیں۔ بے نظیر ظلم و زیادتی اور ناانصافیوں کے خلاف ایک بھرپور اور توانا آواز تھی، اپنے والد کی طرح وہ ملک و قوم کے لیے کسی بڑی سے بڑی قربانی کے لیے ہر وقت تیار رہتی تھیں۔ ان قربانیوں کی بدولت آج پاکستان میں جمہوریت ہے۔ شہید بینظیر بھٹو عوام میں اتنی زیادہ مقبول تھیں کہ ایک خاتون ہونے کے باوجود دو بار پاکستان کی وزیراعظم بنیں۔ انہوں نے خواتین کے حقوق اور ان کو معاشرے میں ایک باعزت مقام دلانے کے لیے بھرپور کام کیا، ان کی دانش مندانہ سوچ اور شاندار قیادت کے باعث پاکستان کو دنیا میں عزت و احترام ملا، ان کے والد ذوالفقار علی بھٹو نے اگر پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی تھی اور بے نظیر نے میزائل پروگرام کو آگے بڑھایا اور ملکی دفاع کو مستحکم کی۔
تازہ ترین