راولپنڈی (این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قطری ہم منصب اور نائب وزیراعظم شیخ محمد سے ملاقات کی جس کے دوران باہمی روابط میں فروغ سمیت خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران قطری وزیر خارجہ نے قطر میں موجود پاکستانی محنت کش طبقے کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جلد بڑی تعداد میں پاکستانیوں کو قطر میں ملازمت کے مواقع مہیا کریں گے۔قطر میں موجود پاکستانی محنت کش طبقے کی صلاحیتیں قابل تعریف ہیں، افغانستان سمیت علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کا کردار مثبت ہے۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بہترین حکمت عملی کے ذریعے معاشی بحران سے نکالیں گے،پاکستان 2022 میں متوقع فیفا ورلڈ کپ میں قطر کے ساتھ ہر سطح پر معاونت فراہم کرےگا، پاکستان قطر دوطرفہ تجارت میں پچھلے ایک سال میں فقیدالمثال اضافہ ہوا ہے۔دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا، قطری ہم منصب نے شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی قطری ایئرپورٹ پہنچے تو چیف آف پروٹوکول وزارت خارجہ قطر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔