• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بقایا جات ، غیر قانونی کنکشنز، کنڈا مافیا کیخلاف اپریشن تیز کیا جائے‘ کمشنر مردان

پشاور ( نیوزڈیسک ) کمشنر مردان ڈویژن عبدالغفور بیگ نے متعلقہ افسرا ن کو ہدایت کی ہے کہ بجلی کے بقایا جات ، غیر قانونی کنکشنز، کنڈا مافیا کے خلاف آپریشن تیز کیا جائے‘ تاکہ عوام ناروا لوڈ شیڈنگ ، اوور بلنگ اور جرمانوں سے نجات پاسکیں۔ وہ گزشتہ روز اپنے دفتر میں واپڈ ا سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ کمشنر مردان کو ایس ای وپڈا شیر داد خان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ، پولیس اور واپڈا کے مشترکہ آپریشنز کے نتیجے میں اب تک ڈومیسٹک اورکمرشل نادہندہ صارفین سے کل 30.72ملین روپے ریکوری ہوئی ہے جوقابل ستائش ہے اسکے علاوہ 173افراد کے خلاف ایف آئی آر رجسٹر ہوچکے ہیں جبکہ 140افراد گرفتار کئے گئے ہیں ، آپریشن کے دوران 3198 کنڈے ہٹائے گئے ہیں اور ان علاقوں میں 148میٹرز نصب کئے ہیں ‘جس کی وجہ سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی واقع ہوگی۔ کمشنر مردان ڈویژن نے متعلقہ افسروں کو ہدایت جاری کیں کہ بجلی کی مد میں بقایاجات کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر اپریشن کو جاری رکھیں اور کنڈا مافیا کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے انہیں جیل بھیج دیا جائے ۔تاکہ آئندہ کے لئے کوئی بھی بجلی چوری نہ کرسکے ۔ ریکوری کے لئے پہلے بجلی صارفین کو ایک ہفتے مہلت دیں ، مہلت پوری ہونے پر فوری طور پر بجلی کنکشن کاٹ دیا جائے ۔
تازہ ترین