• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ چند سالوں سے ملک میں گیس اور بجلی کی علانیہ و غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے صنعتیں، تنزلی کا شکار ہیں۔ اِس صنعتی و معاشی تنزلی کی وجہ سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار اپنی صنعتوں کو دیگر ایشیائی ممالک میں منتقل کرنے پر مجبور ہیں۔ روز افزوں بڑھتی صنعتی تنزلی کی وجہ سے ملک میں بیروزگاری کی شرح میں بھی تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ ایسے سنگین حالات میں جبکہ ملکی صنعت کا پہیہ جام ہونے کے قریب ہے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا بہاولپور میں انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے کا اعلان نہایت خوش آئند ہے۔ اس سے نہ صرف پنجاب کی انڈسٹری کو فروغ ملے گا بلکہ بیروزگاری کی شرح بھی کم ہو گی۔ سرکٹ ہائوس بہاولپور میں بہاولپور چیمبر کے صدر مبشر حسین کی قیادت میں ملنے والے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت صنعتکاروں کو ہر ممکن سہولت دے گی۔ ایگرو بیسڈ انڈسٹری میں بہت پوٹینشل ہے اور بہاولپور ڈویژن میں ایگرو بیسڈ انڈسٹری کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام اور صنعتکاروں کے مسائل حل کریں گے۔ بہاولپور میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام سے جنوبی پنجاب میں زبوں حالی کی شکار کپاس کی فصل کی کاشت اور پیداوار میں بہتری کے امکانات ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ اقدام جہاں ایک طرف جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا کسی حد تک ازالہ کرے گا، وہیں دوسری طرف نا امید اور دیوالیہ ہوتے صنعت کاروں کیلئے اپنی خسارے میں پڑی صنعتوں کو دوبارہ کھڑا کرنے کا بہترین موقع بھی فراہم کرے گا۔ نئی صنعتی پالیسی پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ ضرورت اِس امر کی ہے کہ بہاولپور میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیساتھ ساتھ صوبے کے دیگر اضلاع میں چلنے والی صنعتوں کو بھی مزید فروغ دیا جائے، اُنہیں بجلی اور گیس کی زیادہ سے زیادہ فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ صنعت کار اور سرمایہ کار معاشی ترقی میں حکومت کا ہاتھ بٹا سکیں۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین