پی ٹی آئی رہنما اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ جب بھی لوٹ مار کا حساب مانگو شریفوں اور زرداریوں کی جمہوریت خطرے میں پڑجاتی ہے، مولا بخش چانڈیو کو خواب آیا ہے کوئی سندھ حکومت کے خاتمے کی کوشش کر رہا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیو کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جسےعوام کے مفادات کی نگہبانی سونپی جائے اسے ایک فرد کا سہولت کار بنتے وقت شرم آنی چاہیےتھی، لٹیروں اور ان کےسہولت کار ٹولے نے ہر آئینی اور جمہوری منصب کی ساکھ کو خاک میں ملایا۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی دعویدار جماعتیں لٹیروں کے گینگز کی شکل اختیار کرچکی ہیں، سندھ کے عوام کرپشن جیسی لعنت سےچھٹکارا چاہتےہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی طرح زرداری کو بھی زیرملکیت مالِ حرام کا جواب دینا ہوگا، پی پی، ن لیگ جمہوریت پریقین رکھتی ہیں تو کرپٹ عناصر سے علیحدگی کا اعلان کریں۔