راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کینٹ ایریاز کی اہم شاہراہوں پر جہاں کھلے مین ہولز شہریوں کیلئے وبال جان بنے ہوئے ہیں وہاں شہریوں کی اپنی ہی غلطیوں اور شعبہ سینی ٹیشن عملےکی ملی بھگت کے باعث خالی پلاٹوں میں کوڑے کے ڈھیرارد گرد کے مکینوں کی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں،مری روڈ پر صدر کی طرف سے آتے ہوئے کشمیر روڈ کے یوٹرن کے پاس کھلا مین ہول کسی بھی جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتا ہے ، ہر ادارہ دوسرے ادارے پر اس کی ذمہ داری ڈالنے کی کوشش میں مصروف رہتا ہے ۔ مریڑ چوک سے کشمیر روڈ کی طرف جاتے ہی ریلوے پھاٹک کے ساتھ نالے پر پڑی سیمنٹ کی سلیں نہ ہونے کی وجہ سے کوئی بھی شخص اندھیرے میں اس کے اندر گر سکتا ہے ، گوالمنڈی ریلوے پل کے ساتھ نالے پر بنا ہوا لنٹر ٹوٹا ہونے کی وجہ سے اکثر گاڑیوں کے مڑنے پر ان کے ٹائر اس نالے میں پھنس جاتے ہیں ۔راشد منہاس روڈ پر بھی ایک عرصے سے فٹ پاتھ کے ساتھ مین ہول کھلا پڑا ہے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کینٹ ایریاز کی سول آبادیوں میں صفائی کی صورتحال بھی غیرتسلی بخش ہے ۔ نالیاں گندگی سے اٹی ہوئی ہیں اور پیپلز کالونی ، ٹنچ بھاٹہ ، گوالمنڈی وغیرہ کےخالی پلاٹوں میں کوڑے کے ڈھیر لگے رہتے ہیں۔