دائرۃ البروج کے 270سے 300 درجات پر مشتمل حصہ، علم نجوم میں برج جدی (Capricorn) کہلاتا ہے۔ علم نجوم میں فطری ترتیب کے لحاظ سے اسے 10ویں برج کی حیثیت حاصل ہے۔ اس برج کے تحت سورج 23 دسمبر سے 20جنوری تک اس برج میں گردش کرتا ہے۔ برج جدی کا حاکم سیارہ زحل (Saturn)، ماہئیت منقلب، نشان یا علامت بکری، عنصر یا مادہ خاکی(مٹی)، جنس مؤنث، خوش بختی کا عدد 8، خوش بختی کا دن ہفتہ، خوش بخت بروج ثور اور سنبلہ ہیں۔
اس برج کے تحت پیدا ہونے والے افراد اپنے نشان یا علامت ’بکری‘ ہی کی طرح ارادوں کے انتہائی مضبوط ، جفاکش ہوتے ہیں ۔
ان میں قائدانہ صلاحیتیں بھی اعلیٰ درجے کی پائی جاتی ہیں۔ یہ اصول کے بہت پکے، کام سے انتہائی مخلص ہوتے ہیں۔ اس وجہ سے ان کے ساتھ صرف وہی لوگ چل سکتے ہیں، جو کام کرنے کے لیے تیار ہوں ۔ انھیں کام کے معاملے میں اپنی ذات سے بھی پیار نہیں ہوتا۔
جدی افراد کی شخصیت کا منفی پہلو یہ ہے کہ وہ انتہائی ضدی اور شکی بھی ہوتے ہیں۔ لوگوں پر بہت مشکل سے اعتبار کرتے ہیں۔ محبت کے معاملے میں انتہائی سنجیدہ اور جان نچھاور کرنے والے ہوتے ہیں۔ جس سے محبت کرتے ہیں، بس اسی کے بن جاتے ہیں۔ اسی طرح وہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ ان کا محبوب بھی خود کو ان کے سپرد کردے اور ان کی خاطر ساری دنیا کو چھوڑ دے۔اگر محبوب کے طرز عمل میں ذرا سا بھی فرق نظر آتا ہے تو ان میں رشک و حسد کا جذبہ بھڑک اُٹھتا ہے ۔شوبز کی چند معروف جدی شخصیات۔
سلمان خان
27دسمبر 1965ء کو پیدا ہونے والے عبدالرشید سلیم سلمان خان المعروف سلمان خان نے فلموں میں اداکاری کا آغاز 1988ء میں فلم ’بیوی ہو تو ایسی‘ سے کیا، تاہم ان کو پہلی کامیابی1989ء میں فلم ’میں نے پیار کیا‘ سے ملی، جس پر ان کو فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اپنے 30سال پر محیط کیریئر میںسلمان نے کم از کم 12بلاک بسٹر فلموں کے علاوہ درجنوں کامیاب فلموں میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ سلمان خان بالی ووڈ کے واحد اداکار ہیں، جن کی گزشتہ 13فلمیں، یکے بعد دیگرے 100 کروڑ یا اس سے زائد کا روبار کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ سلمان خان کی آخری ریلیز ہونے والی فلم ’ریس3‘ ناقدین کی جانب سے بُرے ریویوز کے باوجود 3دن میں 100کروڑ اور ہندی باکس آفس پر مجموعی طور پر 169کروڑروپے سے زائد کاروبار کرنے میں کامیاب رہی۔ بلاشبہ آج بالی ووڈ میں سلمان خان کو وہ مقام حاصل ہے، جو 70اور 80کی دہائی میں راجیش کھنہ اور امیتا بھ بچن کو حاصل تھا ۔ موجودہ عشرے میں (2010 سے اب تک)، سلمان خان بالی ووڈ کے سب سے کامیاب اداکار رہے ہیں، جن کی 14فلمیں مجموعی طور پر 2,610.92 کروڑ روپے کا بزنس کرچکی ہیں۔
ریتھک روشن
10جنوری 1974ء کو پیدا ہونے والے ریتھک روشن بالی ووڈ کے انتہائی باصلاحیت اداکار ہیں۔ فلمی ناقدین انھیں ایک Complete Package قرار دیتے ہیں۔ اداکاری میں لاجواب، ڈانس میں بے مثال اور دیکھنے میں انتہائی پُرکشش۔ وہ ہر فلم میں اس طرح جم کر اداکاری کرتے ہیں کہ اپنے کردار میں رچ بس جاتے ہیں۔ انھیں دنیا کے چند پرکشش ترین مردوں میں شمار کیا گیا ہے۔
مہوش حیات
مہوش حیات کا شمار پاکستان کی چند صفِ اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ مہوش حیات کا تعلق ایک جانی مانی شوبز فیملی سے ہے اور وہ ٹیلی ویژن پر کافی چھوٹی عمر سے اداکاری کرتی آرہی ہیں۔ ان کی والدہ رخسار خود بھی ایک اداکارہ رہ چکی ہیں۔ مہوش حیات ایک بہترین اداکارہ ہی نہیں بلکہ وہ گلوکاری بھی کمال کی کرتی ہیں۔ شیراز اپل کے ساتھ ان کے گائے ہوئے گانے ’تو ہی تو‘ نے دھوم مچا دی تھی۔ مہوش حیات ماڈلنگ بھی کرتی رہی ہیں۔ 2008ء میں ’ایسٹرن آئی‘ میگزین برطانیہ نے انھیں ’پُرکشش ایشیائی خاتون‘ کا خطاب دیا تھا۔
6جنوری کو پیدا ہونے والی مہوش حیات کی آخری ریلیز ہونے والی فلم ’لوڈ ویڈنگ‘تھی، جس نےباکس آفس پرخاصی دھوم مچائی۔ دنیا گھومنا مہوش حیات کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔ انھیں جانوربھی بہت پسند ہیں اور گھر میں ایک کتا پال رکھا ہے۔