• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کے رہنما ملک حاکمین انتقال کرگئے ، آج اٹک میں تدفین ہو گی

لاہور(نمائندہ جنگ )پاکستان پیپلز پارٹی کے سنیئر رہنما، پنجاب کے سابق وزیر ملک حاکمین خان انتقال کر گئے ۔ان کی نمازہ جنازہ آج( ہفتہ )سہ پہر تین بجے اٹک میں ہوگی ۔ملک حاکمین کو گزشتہ ہفتے نمونیا کی وجہ سے سروسز ہسپتا ل لاہور میں داخل کیا گیا تھا ۔جمعہ کی سہ پہر وہ خالق حقیقی سے جا ملے ، بعد ازاں ان کی میت شادما ن لاہور میں واقع ان کی رہائش گاہ پر لائی گئی ۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے آج سروسز ہسپتال لاہو ر ان کی عیادت کے لئے جانا تھا ۔ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے ملک حاکمین کے انتقال کی وجہ سے ہدایت کی ہے کہ آج شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر صرف دعائیہ تقاریب ہوں گی اور سالگرہ کے کیک نہیں کاٹے جائیں گے ۔آصف زرداری نے کہا کہ ملک حاکمین خان پارٹی کے بہادر اور ثابت قدم رہنما اور پارٹی کا انمول سرمایہ تھے ۔ وہ بھٹو شہید اور محترمہ شہید کے وفادار ساتھی تھے ۔ ان کے انتقال کی خبر ملنے پر پیپلزپارٹی کے رہنماچودھری منظور احمد، اسلم گل، سید حسن مرتضیٰ اور کارکنوں کی بڑی تعداد ملک حاکمین کی رہائش گاہ پہنچ گئی اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ پیپلزپارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات منور انجم نے کہا ہےکہ ملک حاکمین خان نے ضیاء اور مشرف آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا،پارٹی کیلئے ان کی خدمات فراموش نہیں کی جائیں گی۔
تازہ ترین