سکھر کے بیشتر علاقوں میں گیس پائپ لائن میں سیوریج کا پانی بھر گیا، جس سے گیس کی سپلائی معطل اور پریشر میں کمی کے باعث گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے عملے نے متاثرہ علاقوں میں پائپ لائن سے پانی نکالنے کے لیے آپریشن کا آغاز کر دیا۔
سکھر کےمختلف علاقوں میں گزشتہ کئی روز سےگیس کی سپلائی معطل ہے، جبکہ دیگر کئی علاقوں میں گیس پائپ لائن میں پانی بھر جانے سے صارفین کو گیس پریشر میں کمی کا سامنا ہے ۔
صارفین کی شکایت پر سوئی سدرن گیس کمپنی کے عملے نے متاثرہ علاقوں میں پائپ لائن سے پانی نکالنے کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے ڈپٹی مینیجر جبار بھیو کے مطابق پرانی لائنیں ہیں انڈر گرائونڈ لیکیج کے باعث گیس پائپ لائن میں پانی آگیا ہے۔
پریشر کے ذریعے میٹروں اور لائینوں سے پانی نکالا جارہا ہے، جلد صارفین کی شکایات کو دور کیا جائے گا۔
سوئی ناردرن گیس حکام نے گیس بحالی کا کام شروع تو کردیا ہے تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت آپریشن شروع کیا جاتا تو سخت سردی میں انہیں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔