کراچی،(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور بلاول کی قیادت میں سازشیں ناکام بنائینگے، ذوالفقار علی بھٹو نے 1973کا آئین دیا جس کا ہم سب مل کر تحفظ کریں گے، ہم شہید ذوالفقار علی بھٹوکے کارکن، شہید بینظیر بھٹو کے جیالے اور بلاول بھٹو کے ورکر ہیں، ہم پارٹی اور قیادت کے خلاف ہر سازش ناکام بنائیں گے۔وزیراعلیٰ ہائوس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 91ویں یوم پیدائش کے مناسبت سے ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو تھے جن کی بدولت آج پاکستان جمہوریت کی راہوں پر گامزن ہے۔بعد ازاں پیپلز لائرز فورم کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید نے کہا کہ شہیدذوالفقار علی بھٹونے تھر کی زمین ہندستان سے واپس حاصل کی اور آج وہاں سے کوئلے کی شکل میں سونا نکل رہا ہے۔