لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ قاضی حسین احمد نے پوری زندگی استحصالی نظام کے خلاف جدوجہد کی ۔ وہ اتحاد عالم اسلامی کے سب سے بڑے داعی تھے اور زندگی بھر عالم اسلام کو خوف خدا رکھنے والی جرا تمند قیادت دینے کی جدوجہد کر تے رہے ۔ جماعت اسلامی کے کارکنان ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کو وہ حقوق دلانے کی کوشش کر رہے ہیں جوجاگیرداروں ، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے غصب کر رکھے ہیں ۔ ہم ملک کے مجبور اور محروم عوام کو اس نظام کے خلاف متحد کریں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جے آئی یوتھ لاہور کے زیراہتمام الحمراءقذافی اسٹیڈیم میں قاضی حسین احمد مرحوم کی قومی خدمات کے حوالے سے تصویری نمائش کے افتتاح کے بعد کارکنان سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک پر مسلط ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے مخصوص گروہ نے سیاسی جماعتوں کو یرغمال بنا رکھا ہے اور وہ گھوڑے کی طرح کبھی ایک پارٹی اور کبھی دوسری پارٹی پر سواری کر لیتے ہیں ۔