• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک نیوی کوسٹل کمانڈ کی سالا نہ کارکردگی کا مقابلہ


پاکستان نیوی کوسٹل کمانڈ کی سالانہ ’ ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ 2018 ‘ کا کراچی میں انعقاد کیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تھے ۔

نیول چیف نے کوسٹل کمانڈ کی 2018 کے دوران آپریشنل سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کی کوسٹل کمانڈ سر کریک سے جیوانی تک پھیلی ہوئی ساحلی پٹی، سی پیک اور گوادر بندرگاہ کی بحری سیکیورٹی کے لیے ہر دم تیار اور مستعد ہے۔ کوسٹل کمانڈ انتہائی اہم آپریشنل کمانڈ ہے جس نے قلیل عرصے میں اپنی کارکردگی اور محنت سے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی اپنی بھرپور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دشمن کی کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔آنے والے دنوں میں سمندری تنصیبات کی حفاظت اور سی پیک کے تناظر میں کوسٹل کمانڈ کی زمہ داریوں میں اضافہ ہو گا۔

انوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ نے سمندری معیشت کے حوالے سے قومی آگہی مہم کو تیز کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے، اس ضمن میں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ اور سیمینارز کا انعقاد قابل ذکر ہے۔ملکی معیشت میں میری ٹائم سیکٹر سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے کمرشل شپ یارڈز کے قیام اور میری ٹائم ٹورزم پر توجہ دی جا رہی ہے۔

نیول چیف نے کہا کہ سمندری معیشت کے فروغ کے لیے مختلف چیمبرز آف کامرس کے دوروں کے حوصلہ افزا نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔کوسٹل کمانڈ، ملکی ساحلی پٹی میں بہتر سول ملٹری تعلقات، طبی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی اداروں کے قیام میں ہمہ وقت کوشاں ہے۔

نیول چیف نے سال 2018 کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے یونٹس کو انعامات سے نوازا۔

قبل ازیں کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل فیاض جیلانی نے سال 2018 کے دوران کوسٹل کمانڈ یونٹس کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا۔

تازہ ترین