پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے آصف زرداری کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں دائر درخواست واپس لے لی۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے خلاف تحریکِ انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کی درخواست پر سماعت الیکشن کمیشن کے چاررکنی بنچنے کی۔
خرم شیر زمان نے اپنی درخواست واپس لیتے ہوئے کہا کہ وہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کے خلاف سپریم کورٹ جانا چاہتے ہیں، انہیں ایسے شواہد مل گئے ہیں جو صرف اعلیٰ فورم پر پیش کریں گے۔
یاد رہے وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ آصف زرداری مین ہیٹن، امریکا میں ایک عمارت میں اپارٹمنٹ کے مالک ہیں، لیکن انہوں نے امریکا میں اپارٹمنٹ کا اثاثوں میں ذکر نہیں کیا، اثاثے چھپانے پر ان کے خلاف ریفرنس دائر کیا جا رہا ہے جس کی ذمہ داری خرم شیر زمان کو سونپی گئی ہے۔اس ریفرنس کے بعد آصف زرداری کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں رہے گا۔
’آصف زرداری کی نشست خالی ہونے والی ہے‘
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ ہمارا مقصد اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے، جو شواہد ہمیں ملے ہیں اس کے بعد آصف علی زرداری نا اہلی سے بچ نہیں سکیں گے، مفاہمت کہیں اور تو ہوسکتی ہے لیکن پی ٹی آئی نے کبھی یہ سیاست نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ملک سے باہر جائیداد بنائیں ہیں وہ انجام تک پہنچیں گے،پیپلزپارٹی تیار ہوجائے، آصف زرداری کی نشست خالی ہونے والی ہے۔