اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بنچ نے ممبئی حملوں کے مقدمہ میں بھارتی گواہوں کو طلب کرنے کے حوالے سے ایف آئی اے کی درخواست ڈویژن بنچ کے روبرو مقرر کرنے کیلئے عدالت عالیہ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کو بھجوا دی ہے۔ ایف آئی اے نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے 19 بھارتی گواہوں کو طلب کرنے کی درخواست مسترد کرنے کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ ایف آئی اے کی درخواست کی سماعت گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے معاملہ ڈویژن بنچ کے روبرو مقرر کرنے کیلئے ایف آئی اے کی درخواست عدالت عالیہ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کو بھیجنے کا حکم جاری کر دیا۔