نیویارک کے میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ کاسٹیوم انسٹیٹیوٹ کی فنڈ ریزنگ کے لیے ہر سال میٹ گالا،جو رسمی طور پر کاسٹیوم انسٹیٹیوٹ گالا کہلاتا ہے، کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ سال کا سب سے بڑا فیشن میلہ گردانے جانے والے اس گالا کی بنیاد ایلینور لیمبارٹ نے 1948ء میں رکھی تھی، جس کا مقصد فیشن ڈیزائنرز اور نت نئے فیشن ٹرینڈز لانے والوں کی مدد کرنے کیلئے نیویارک کے پوش طبقے سے عطیات جمع کرنا تھا۔
آج بھی اس فیشن میٹ گالا کے چرچے دنیابھر میں ہیں اور اس میں شرکت کرنے کیلئے لوگ ہزاروں ڈالر ز خرچ اور سینکڑوں میل کا سفر طے کرتے ہیں۔ اس فیشن گالا میں دنیا کے ہر مشہور چہرے کو دیکھنے کا موقع مل سکتاہے۔ یہاںشوبز، موسیقی اور فیشن انڈسٹری کی نامی گرامی شخصیات شریک ہو کر میٹ کاسٹیوم انسٹیٹیوٹ کیلئے فنڈز جمع کرتی ہیں اوریہاں منعقد ہونے والی پرتعیش اورجدید نمائش کا افتتاح کرتی ہیں۔
میٹ گالا کی تھیمز
ہر سال فیشن میٹ گالا کی ایک نئی تھیم سامنے لائی جاتی ہے۔ 2019ء میں Camp: Notes On Fashionتھیم ہوگی۔ اس کے علاوہ اب تک کی آنے والی مشہور تھیمز میں سے کچھ ذیل میں درج ہیں۔
٭Heavenly Bodies: Fashion and the Catholic Imagination
٭ Manus x Machina
٭Punk: Chaos to Couture
٭ China: Through the Looking Glass
میٹ گالا کے میزبان
1995ء سے لے کر اب تک کئی مشہور شخصیات جن میں بیونسے، ٹیلر سوئفٹ، کیٹی پیری، امل کلونی اور ریہانا بھی اس ایونٹ کی میزبانی کرچکی ہیں۔ 2019ء میں منعقد ہونے والا گالا71واں ایونٹ ہوگا اور اس کی میزبانی مشترکہ طور پر لیڈی گاگا، الیزانڈرو مائیکل، ہیری اسٹائلس اور سرینا ولیمز کریں گی۔ یہ ایونٹ ہر سال مئی کے مہینے میں ہوتا ہے، جس میں دنیا کے مہنگے اور مشہور برانڈز اپنے کاسٹیوم پیش کرتے ہیں۔
فنڈ ریزنگ
یہ ایونٹ مئی میں شروع ہو کر اگست میں ختم ہو تا ہے۔ 2014ء کا ایونٹ بہت زیادہ پُرتعیش اور شاندار تھا، جس میں 12ملین ڈالر کے فنڈز جمع ہوئے تھے جبکہ اس سے پہلے سال 2013ء میں9ملین ڈالر ز جمع ہوئے تھے۔ اس میں شرکت کرنے والے مہمانوں کی تعداد650 سے 700 افراد پر مشتمل ہوتی ہے۔ ویسے تو اس کی فیس10 ہزار ڈالر فی مہمان ہے لیکن 2014ء میں خصوصی طورپر باہر سے آنے والے مہمانوں کی فیس 30ہزار ڈالر فی کس رکھی گئی تھی۔
میٹ گالا 2018
2018ء کی میٹ گالا کی مشہور شخصیات میں ریہانا، امل کلونی، ڈوناٹیلا ورساشی اور اینا ونٹورنےتھیم Heavenly Bodies: Fashion and the Catholic Imagination کے لباس پہنے تھے۔ ریہانا اور کیٹی پیری نے افتتاحی رات اپنے میوزک گروپ کے ساتھ یادگار پرفارمنس دی تھی۔ کیٹی پیری نے ڈیزائنر لباس کے ساتھ6فٹ لمبے پروں کےساتھ اینٹری دی۔ ایمی ایورڈ جیتنے والی رائٹر لینا ویتھ نے قوس قزح جیسے جھنڈے کو تنبو کی طرح اوڑھ رکھا تھا۔
میٹ گالا تنازعات
2014ء میں جب میٹ گالا کا ڈریس کوڈ سفید ٹائی طے کیا گیا تو بہت سے میڈیا ہائوس کو یہاں تک کہ سیلبیرٹیز کو بھی روایتی سفید ٹائی کے ساتھ شرکت کرنےمیں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ 2015ء میں چائنا: تھرو دا لُکنگ گلاس تھیم کا نام پہلے ’’ چائنیز وسپرس ‘‘ تھا ، جسے اس لیے تبدیل کیا گیا کہ اس سے تعصب کی بوُ آتی تھی۔ 2016ء کی Manus x Machina: Fashion in an Age of Technology تھیم میں جب میڈونا نےشرکت کی تو اس نے گالا کی تاریخ کا سب سے متنازعہ لباس پہنا اور سوشل میڈیا پر بہت لے دے ہوئی۔ گزشتہ سال 2018ء میں گالا کی رومن کیتھولک تھیم میں ریہانا نے کیتھولک پاپائے روم کا مذہبی برطل پہنا تھا۔ اس پر سوشل میڈیا پر کہرام برپا ہوگیا اور رومن کیتھولک چرچ کی جانب سے ریہانا پر توہین اور مذہبی گستاخی کا الزام لگااور چرچ نے اس مذہبی علامت کا مذاق اڑانے پر افسوس بھی کیا۔ مزید یہ کہ گزشتہ سال 2018ء کی تھیم کے مطابق اس گالا میں 18سال سے کم عمر افراد کو داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی۔