سکھر......ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔سکھر میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش سے لودھراں گرڈ اسٹیشن سے آنےوالی 220کے وی کی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرگئی۔
سندھ کے شہر سکھر میں شام ڈھلتے ہی تیز ہواؤں اور مٹی کے طوفان سے فضا گرد آلود ہوگئی۔ تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش سے شکارپور کے علاقے لوڈھراں گرڈ اسٹیشن سے آنےوالی 220 کے وی کی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرگئی، آرائیں اور سٹی گرڈ اسٹیشن بند ہونے کے باعث سکھر اور روہڑی تاریکی میں ڈوب گئے۔
سیپکو ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش اور تیز ہواؤں کے تھم جانے کے بعد بجلی کی بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔
نوشہرو فیروز میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا،ملتان میں وقفے وقفے سے ہونے والی ہلکی بارش سے گرمی تھوڑی کم ہوگئی،ادھر پاراچنار شہر میں بارش اور برفباری سے موسم سرد ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔