• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تجارتی خسارہ حکومت کیلئے ایک مشکل چیلنج ہے‘چوہدری سرور

دبئی(سبط عارف)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ 40ارب ڈالرز کا موجودہ تجارتی خسارہ پی ٹی آئی حکومت کے لیے ایک مشکل چیلنج ہے اور معیشت کو بہتر بنانا آسان نہیںہوگا۔وہ متحدہ عرب امارات(یو اے ای) میں مقیم پاکستانیوں سے ایک تقریب کے دوران خطاب کررہے تھے۔تقریب کا انعقاد ابو ظبی کے مقامی ہوٹل میں رکن ابو ظبی چیمبر آف کامرس اور پاکستانی بزنس مین خان زمان سرور نے کیا تھا۔گورنر پنجاب نے گو کہ دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ پاکستانی حکومت نےپاکستان کو کرپشن سے پاک کردیا ہےاور انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانی بزنس کمیونٹی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ بلاخوف وخطر پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔چوہدری سرور پنجاب میں صاف پانی پروجیکٹ کے حوالے سے فنڈ جمع کرنے کے لیےبرطانیہ میں تھے ، جس کے بعد وہ یو اے ای پہنچے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت ، عام افراد تک صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانا چاہتی ہے۔تقریب کے اختتام پر خان زمان سرور نے پنجاب میں صاف پانی پروجیکٹ کے لیے ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ عطیہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بہتر تعلقات استوار کرنے کی حکومتی کوششوں کو بھی سراہا۔دریں اثناءپاکستان بزنس کونسل دبئی نے بھی گورنر پنجاب کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کسی طور بھی کرپشن کو برداشت نہیں کرتی ہے۔انہوں نے کاروباری افراد سے درخواست کی کہ وہ توانائی، صحت اور فشریز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فشری کے شعبے میں پھلنے پھولنے کی بہت صلاحیت ہے جو برآمدات میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سیکورٹی، سرمایہ کاری کے لیےمحفوظ ماحول اور ان کی جائداد کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی۔ان کا کہنا تھاکہ حکومت، مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے کاروبارکے حوالے سے سازگار معاشی پالیسیاں ترتیب دے رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ون ونڈو سسٹم متعارف کرایا جاچکا ہے۔پاکستان کے لیےیورپی یونین سے جی ایس پی پلس درجہ حاصل کرنے کے لیے ن لیگ کے دورحکومت میں جو کوششیں کی گئیں گورنر پنجاب نے اس ضمن میں دفتر خارجہ کی سست روی کو بھی ہدف تنقید بنایا۔ان کا کہنا تھا کہ یورپی پارلیمنٹ کے رکن کی حیثیت سے کام کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ن لیگ کے دور میں ان کی کاوشیں مثبت نتائج کا باعث بنی تھیں۔متحدہ عرب امارات کے دورے کے موقع پر گورنر پنجاب نے پی ٹی آئی کارکنان سے بھی ملاقات کی۔
تازہ ترین