• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب گوادر میں 10ارب ڈالر سرمایہ کاری کریگا

وزیرپیٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب گوادر میں آئل ریفائنری اور پیٹروکیمیکل کمپلیکس میں 10 ارب ڈالرسرمایہ کاری کرےگا۔

وزیرپیٹرولیم نے گوادر سے واپسی پر اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب 2 سے 3 لاکھ ٹن یومیہ تیل صاف کرنے کی ریفائنری لگا سکتا ہے، امید ہے گوادر ریفائنری کی تعمیر اسی سال شروع ہو گی اور موجودہ دور حکومت میں ہی مکمل ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب نے فاسفیٹ کھاد بنانے اور متبادل توانائی کے بجلی منصوبے لگانے میں بھی دلچسپی ظاہرکی جبکہ سعودی وزیرتوانائی نے پاکستان کو ایل این جی برآمد کرنے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

غلام سرور خان نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ قطرکے دوران ایل این جی کی قیمت پر نظرثانی کی بات ہوسکتی ہے۔

وزیر پٹرولیم نے مزید کہا کہ ہمیں صوبوں کے حقوق تسلیم کرنا ہوں گے، سندھ بلوچستان اور کے پی گیس پیداوار میں سرپلس ہیں، پنجاب میں گیس پیداوار سب سے کم اور کھپت زیادہ ہے، نئی پیٹرولیم پالیسی کی تیاری کے لئے صوبوں سے مشاورت کر رہے ہیں، نئی پالیسی میں مقامی گیس پیداوار بڑھانا ترجیح ہوگی۔

غلام سرور خان نے کہا کہ جو ملک گیس پیدا کرتے ہیں وہ سسٹم گیس کو گھریلو سیکٹر کے لئے استعمال نہیں کرتے، بھارت، ایران، سعودی عرب سسٹم گیس گھروں میں استعمال نہیں کرتے، دنیا میں گھروں کے لئے سسٹم گیس کی بجائے ایل پی جی استعمال ہوتی ہے، ہمیں عیاشیاں ختم کرنا ہوں گی۔

وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ وزراء کالونی میں میرے گھر کا گیس بل 69 ہزار روپے آیا، میں تو اتنا بل برداشت نہیں کرسکتا لہٰذا میں نے 2 گیزر اور 2 گیس ہیٹرز میں سے ایک، ایک منقطع کردیا۔

تازہ ترین