پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آل شریف اور آل زرداری نے ہمیشہ اپنے سیاسی مخالفین کی ذاتی زندگی پر کیچڑ اچھالا ہے، وزیر اعظم عمران خان، وزیر ریلوے شیخ رشید اور مجھ سمیت کسی نے ان کی ذاتی اور خاندانی زندگیوں پر بات نہیں کی۔
پنجاب اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹھنڈی زبان اور میٹھے چہرے کے ساتھ یہ لوگ اپنی منافقت نہیں چھپا سکتے۔
فیاض چوہان نے مزید کہا کہ صوبائی اسمبلی کے گزشتہ 4 ماہ کے ویڈیو کلپس دیکھے جائیں تو اپوزیشن کی گندی اور غلیظ زبان نظر آجائے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ آل شریف اور آل زرداری حکومت کے خلاف افواہیں اور جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں، ان شاء اللہ ان کے جھوٹ بے نقاب کرتے رہیں گے۔
فیاض چوہان کا کہنا ہےکہ آئندہ حکومتی کارکردگی کو بھی میڈیا کے سامنے لایا جائے گا، اسی ہفتے عوامی فلاحی منصوبوں کی منظوری کی خوشخبری بھی سنائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم کام کررہے ہیں، ماضی کی حکومتوں کی طرح اچھل کود نہیں کر رہے، پچھلے 40 برس میں نون لیگ اور پیپلز پارٹی نے عوامی پیسے کو امانت کے طور پر نہیں لیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ قوم کا پیسہ لوٹنے کی وجہ سے آج انہیں نیب کے کیسوں کا سامنا ہے، سپریم کورٹ عمران خان صاحب کو صادق اور امین قرار دے چکی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان نے پہلے بھی اور اب پھر اپنی تمام منی ٹریل عدالت میں پیش کر دی ہے، ان کا الیکشن کمیشن سے لینا دینا ہی نہیں۔
فیاض چوہان نے یہ بھی کہا کہ ہم کئی بار کہہ چکے ہیں کہ نیب سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، نیب کے چیئرمین سے لےکر نائب قاصد تک کسی کو ہم نے تعینات نہیں کیا، سپریم کورٹ، نیب، ہائی کورٹ یا کوئی بھی ادارہ بلائے گا تو ہم جائیں گے۔