ملتان (سٹاف رپورٹر) سرائیکستان ڈیمو کریٹک پارٹی کے چیئرمین رانا فراز نون نے وفد کے ہمراہ ضلع جھنگ سے تعلق رکھنے والےاراکین صوبائی اسمبلی رانا شہباز احمد،کرنل (ر)غضنفر قریشی ، مہر آصف کاٹھیاسے لاہور میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر ایس ڈی پی کے رہنما ملک ظفر ہانس ،ملک عامر بُچہ، مخدوم شمس الدین قریشی شامل تھے ۔رانا فراز نون نے اراکین سے صوبہ سرائیکستان کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع جھنگ ، صدیوں سے سرائیکی وسیب کا اٹوٹ انگ رہا ہے اور نئے صوبہ کے آبی وسائل کی گزر گاہ کامنبع بھی جھنگ ہی ہے ۔ضلع جھنگ کے بغیر نیا صوبہ نامکمل ہو گا۔اُنہوں نے کہا کہ سرائیکی خطہ سے منتخب ممبران صوبائی اسمبلی کو اپنے وسیب کے مسائل و وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے ،وسیب کی آواز کوایوانوں میں بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ممبران صوبائی اسمبلی نے جھنگ کو سرائیکی صوبہ میں شامل کرانے کا وعدہ کیا اور ضلع جھنگ کا اہل ملتان سے تہذیبی، ثقافتی وجغرافیائی رشتہ کو بھی بھرپور انداز سے تسلیم کیا۔ اس ضمن میں آئندہ اجلاس میں اسمبلی کے پلیٹ فارم پر بھرپور آواز اٹھانے کا بھی یقین دلایا ۔