بالی ووڈ ایک ایسی نگری ہے، جسے اس کا چسکا لگ جائے تووہ زندگی بھر اسی کا ہوجاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بالی ووڈ اداکاروں اور اداکاراؤں کےزیادہ تر بچے بھی کسی اور شعبے میں جانے کے بجائے ممبئی کی فلم نگری میں ہی قسمت آزمائی کرنے آجاتے ہیں۔ جب بات ہورہی ہو بچوں کی تو، بچے زندگی میں چاہیں کتنے بھی کامیاب ہوجائیں، ان کی مائیں زندگی میں ہمیشہ سب سے قابل بھروسہ دوست، رہنما اور کیمیاگر رہتی ہیں۔ ویسے تو مائیں ہر صورت سپراسٹار ہی ہوتی ہیں لیکن آئیے نظر ڈالتے ہیں اپنے وقت کی اُن کامیاب اداکار ائوںپر جن کے بچے بھی آج فلمی دنیا میں اسٹار ہیں۔
جیا بچن
جیا بچن، بالی ووڈ کے لیجنڈ اسٹار امیتابھ بچن کی بیوی اور خوبرو ہیرو ابھیشک بچن کی ماں ہیں۔ ہرچندکہ، حالیہ برسوں کے دوران جیا بچن نے پس منظر میں رہنے کو ترجیح دی ہے، تاہم ماضی میں ان کا شمار بالی ووڈ کی کامیاب ترین ہیروئنز میں ہوتا تھا۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جس وقت انھوں نے امیتابھ بچن سے شادی کی، اس وقت جیا بچن، اپنے شوہر سے زیادہ کامیاب اور مشہور اداکارہ تھیں۔ بطور ہیروئن ان کی آخری فلم ’سلسلہ‘تھی، جو 1981ء میں ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں ہیرو کا کردار ان کے شوہر امیتابھ بچن نے ادا کیا تھا۔ 20سال بعد وہ ایک بار پھر امیتابھ بچن کے ساتھ کرن جوہر کی فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ میں پردہ سیمیں پر نظر آئیں۔
ہیما مالنی
60ء کےعشرے میں تامل فلموں سے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والی ہیمامالنی، اس قدر حسین تھیں (اور آج بھی ہیں) کہ ممبئی کے فلم سازوں کے لیے انھیں نظرانداز کرنا ممکن نہیں تھا۔ یہی وجہ ہے کہ جلد ہی انھیں بالی ووڈ کی بڑی فلموں میں مرکزی کردار ملنے لگے۔ 1977ء میں ان کی فلم ’ڈریم گرل‘ ریلیز ہوئی، جس کے بعد ہیما مالنی اسی نام سے پہچانی جانے لگیں۔1979ء میں انھوں نے دھرمیندر سے شادی کرلی، جن سے ان کی دو بیٹیاں ایشا دیول اور آہانہ دیول ہیں۔ دھرمیندر کے پہلی بیوی سے دو بیٹے سنی دیول اور بوبی دیول ہیں۔ 2003ء میں ہیما مالنی نے عملی سیاسی میدان میں قدم رکھا اور بی جے پی کے پلیٹ فارم سے راجیہ سبھا کی رکن منتخب ہوئیں۔2014ء میں وہ بی جے پی کے ٹکٹ پر بھارتی لوک سبھا کی رکن منتخب ہوئیں۔
سری دیوی
سری دیوی کو بالی ووڈ کی پہلی حقیقی سپراسٹار ہیروئن کہا جاتا ہے، جنھوں نے 80ء کے عشرے اور 90ء کے عشرے کے ابتدائی برسوں میں کئی سپرہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دِکھائے۔ وہ غالباً اپنے دور کی منفرد ہیروئن تھیں، جو کسی بھی فلم کو اپنے کندھوں پر اُٹھانے کی صلاحیت رکھتی تھیں۔ آج ان کی بیٹی جھانوی کپوراپنی پہلی ہی فلم ’دھڑک‘ کے ذریعے فلم انڈسٹری کی ٹاپ ہیروئنز میں جگہ بناچکی ہیں جبکہ ان کی دوسری بیٹی خوشی کپور بھی فلم انڈسٹری میں آنے کے لیے پرتول رہی ہیں۔
نیتو کپور
1966ء میں بالی ووڈ میں کیریئر کا آغاز کرنے والی نیتو، پہلے نیتو سنگھ تھیں۔ 1980ء میں رشی کپور سے شادی کے بعد وہ نیتو کپور بن گئیں۔ انھوں نے بطور چائلڈ آرٹسٹ فلموں میں بیبی سونیا کے نام سے بھی کام کیا۔رشی کپور سے شادی کے تین سال بعد 1983ء میں انھوں نے بالی ووڈ کو خیرباد کہہ دیا۔ حالیہ برسوں میں انھیں اپنے شوہر رشی کپور کے ساتھ ’لو ّآج کل‘، ’دو دونی چار‘، ’بےشرم‘ اور ’جب تک ہے جان‘ میں پردہ سیمیں پر دیکھا گیا۔ نیتو کا بیٹا رنبیر کپور فلم ’سنجو‘ کی کامیابی کے بعد ایک بار پھر سپراسٹارز کی صف میں شامل ہوچکا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ رنبیر کے معاملے میں نیتو ایک مکمل طور پر ’کمانڈنگ مدر‘ ہیں۔
ڈمپل کپاڈیا
8جون 1957ء کو ممبئی میں پیدا ہونے والی ڈمپل کپاڈیا نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز1973ء میں راج کپور کی فلم ’بوبی‘ سے کیا، جس میں شاندار پرفارمنس پر انہیں بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ بھی ملا۔ اسی سال انہوں نے اداکار راجیش کھنہ سے شادی کر لی۔ شادی کے وقت ان کی عمر16سال تھی، شادی کے بعد انھوں نے فلموں سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔ 1982ء میں راجیش کھنہ سے علیحدگی کے بعد وہ ایک بار پھر فلمی دنیا میں واپس آئیں اور بالی ووڈ کو کئی کامیاب فلمیں دیں جن میں ساگر، کاش، لیکن،اور کرانتی ویر شامل ہیں۔ ان کی آخری فلم ویلکم بیک 2015ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ ڈمپل کی دو بیٹیاں ٹوئنکل کھنہ اور رِنکی کھنہ ہیں۔ دونوں بہنوں نےفلم نگری میں قسمت آزمائی۔ ٹوئنکل کھنہ نے اکشے کمار سے شادی کے بعد فلموں سے دوری اختیار کرلی اور اب ایک کامیاب مصنفہ کے طور پر پہچانی جاتی ہیں۔
ببیتا کپور
1971ء میں رندھیر کپور سے شادی کے بعد ببیتا سے ببیتا کپور بننے والی یہ اداکارہ حالیہ دور کی دو سپراسٹار ہیروئنز کرشمہ کپور اور کرینہ کپور کی ماں ہیں۔ ببیتا کی پہلی فلم ’دس لاکھ‘ تھی، جو 1966ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ اتفاق کی بات یہ ہے کہ اس فلم میں ان کے ساتھ نیتو سنگھ نے بھی کام کیا تھا، جو بعد میں رشی کپور سے شادی کے بعد نیتو کپور بن گئی تھیں۔ کپور فیملی کے ساتھ ببیتا کا تعلق پہلی بار فلم ’کل، آج اور کل‘کے ذریعے جڑا، جہاں انھیں اپنے مستقبل کے شوہر اور سسر کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا اور پھر اس کے فوری بعد ہی ببیتا اور رندھیر نے شادی کرلی۔ شادی کے بعد کپور فیملی کی روایت کے مطابق، ببیتا نے فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔