• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکاری اور گلوکاری، فنونِ لطیفہ کی دو الگ الگ جہتیں ہیں، تاہم کئی فلمی اداکاروں نے اپنی فلموں میں خود پر فلمائے جانے والے گانے گاکر ان دو مختلف جہتوں کو ایک دوسرے کے ساتھ کامیابی کے ساتھ جوڑ دیا۔ اپنی فلموں کے گانے خود اپنی آواز میں گانے کا رواج بالی ووڈ فلموں میں بہت پُرانا ہے۔ غالباً بولتی فلموں کے آغاز کے ساتھ ہی فلمی اداکاروں نے گانے بھی خود ہی گانے شروع کر دیے تھے۔ مگر بعد میں پلے بیک سنگنگ کا رجحان اس تیزی سے آگے بڑھا کہ آج تک یہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ البتہ 80ء کے عشرے میں امیتابھ بچن نے دوبارہ گانوں میں اپنی آواز کا جادو جگا کر دوسرے فنکاروں کیلئے بھی ایک نیارجحان تخلیق کیا۔ آپ کو یہ سُن کر شاید حیرانی ہوگی کہ آج کے دور کے بہت سے فنکار بہت اچھی پلے بیک سنگنگ بھی کرتے ہیں۔ ان میں سے کچھ فنکار تو ایسے ہیں جو باقاعدہ گلوکاری کرکے اچھے خاصے پیسے کما سکتے ہیں۔ ان فنکاروں کی ایک اچھی بات یہ بھی ہے کہ وہ جتنے اچھے اداکار ہیں، اتنے ہی اچھے گلوکار بھی ہیں۔ آج نظر ڈالتے ہیں، برصغیر پاک و ہند کے چند ایسے معروف اداکاروں پر، جو اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری بھی خوب کرلیتے ہیں۔

علی ظفر

علی ظفر اداکاری سے پہلے ہی بطور گلوکار اور کمپوزر عالمی شہرت رکھتے تھے مگر وہ چند پاکستانیوں میں سے ایک ہیں، جنھوں نے گلوکاری کے ساتھ اداکاری کے میدان میں بھی خود کو منوایا۔ فلم '’تیرے بن لادن‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھنے کے بعد وہ ’میرے برادر کی دلہن‘، ’چشم بدور‘، ’لندن پیرس، نیو یارک‘ اور ’ٹوٹل سیاپا‘ وغیرہ میں کام کر چکے ہیں۔ پاکستان میں ان کی پہلی فلم ’طیفا اِن ٹربل‘ کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کررہی ہے۔

فواد خان

غالباً، وحید مراد کے بعد فواد خان پہلے پاکستانی ہیرو ہیں، جن کی بڑے پیمانے پر مداح خواتین ہیں۔ اس لیے اگر فواد خان کو موجودہ دور کا چاکلیٹی ہیرو کہا جائے تو بالکل بھی غلط نہ ہوگا۔ مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ انھوں نے اپنے کیریئر کا آغاز گلوکار کے طور پر کیا تھا؟ وہاں سے وہ ماڈلنگ کی جانب گئے اور پھر اداکاری کی میدان میں قدم رکھا۔ ’جٹ اینڈ بونڈ‘ سے اداکاری کی دنیا میں داخل ہونے والے فواد نے شعیب منصور کی فلم ’خدا کے لیے‘ سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا، جس کے بعد انھوں نے پلٹ کر نہیں دیکھا۔ ’خوبصورت‘ اور ’کپور اینڈ سنز‘ جیسی کامیاب بالی ووڈ فلموں میں مرکزی کردار ادا کرنے کے بعد، اگر ان کا کیریئر ممبئی میں مزید جاری رہتا تو وہ دن دور نہ تھا، جب فواد خان خود کو بالی ووڈ میں بھی سپراسٹار کے طور پر منوالیتا۔

میشا شفیع

میشا شفیع بھی پاکستان کے ان فنکاروں میں سے ایک ہیں، جنھوں نے بیک وقت اداکاری، ماڈلنگ اور گلوکاری کے میدانوں میں شہرت حاصل کی ہے۔ ان کی انفرادیت یہ ہے کہ وہ پاکستان اور بالی ووڈ کی ہی نہیں، بلکہ ہالی ووڈ کی فلم میں بھی جلوہ گر ہوچکی ہیں۔ انھوں نے میرا نائر کی ہالی ووڈ فلم ’دی ریلکٹنٹ فنڈامینٹلسٹ‘ کے ذریعے اداکاری کے کیریئر کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد وہ بالی ووڈ میں ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ جیسی فلم میں جلوہ گر ہوئیں۔

عائشہ عمر

عائشہ عمر پاکستان کی وہ باصلاحیت اداکارہ ہیں، جو ماڈلنگ اور میزبانی کے ساتھ ساتھ گلوکاری کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتیں منوانے میں کامیاب رہی ہیں۔ بطور گلوکارہ عائشہ عمر نے 2012ء میں دو البمز ’چلتے چلتے‘ اور ’خاموشی‘ ریلیز کیے، جنھیں عوام کی جانب سے بے پناہ پذیرائی ملی۔ اسی بنا پر انھیں2012ء کے بہترین البم کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ 2013ء میں عائش کا میوزک البم Gimme Gimmeریلیز ہوا۔ عائشہ کلاسیکی گانا ’لاگے رے نین‘ اور ’میاں کی ملہار‘ بھی گا چکی ہے۔اس کے علاوہ، وہ اپنے ڈراموں کے ٹائٹل سونگ بھی گا چکی ہیں۔

ایوشمان کھرانہ

ایوشمان کھرانہ غالباً بالی ووڈ کا واحد اداکار ہے، جس نے گلوکاری میں بھی باقاعدہ تربیت حاصل کی ہوئی ہے۔ یہ باصلاحیت اداکار سب سے پہلے فلم ’وِکی ڈونر‘ میں متعارف ہوا تھا اور اس کے گائے ہوئے گیت ’پانی دا رنگ ویکھ کے‘ نے دھوم مچا دی تھی اور اسے 2012ء کے چند مقبول ترین گانوں میں سے ایک کا اعزاز ملا اور متعدد ایوارڈز بھی جیتے۔ پہلی فلم میں کامیاب اداکاری اور گلوکاری کرنے کے بعد وہ اپنی دیگر فلموں میں بھی اپنی آواز کا جادو جگا چکا ہے۔فلموں میں آنے سے پہلے ایوشمان دہلی میں ایک ریڈیو شو ’مان نہ مان میں تیرا ایوشمان‘ ہوسٹ کرچکا تھا، جبکہ اس کے بعد اس نے ٹی وی پر نوجوانوں کے لیے معلوماتی پروگرام ’دی وائس آف ینگستان‘ اور دیگر شوز ہوسٹ  کیے۔ 

شردھا کپور

ایوشمان کھرانہ کی طرح، خواتین اداکاراؤں میں غالباً شردھا کپور وہ واحد اداکارہ ہے، جس نے گلوکاری میں بھی باقاعدہ تربیت حاصل کررکھی ہے۔ ’عاشقی ٹو‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں تہلکہ خیز انٹری دینے والی شردھا کپور کی دوسری فلم ’ایک ولن‘ بھی سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ مگر اس فلم میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے ساتھ ساتھ انھوں نے گلوکاری کے میدان میں بھی اپنی سریلی آواز کا جادو جگایا۔ شردھا نے اس فلم کے گیت ’گلیاں‘ کے لیے اپنی آواز کو استعمال کیا اور پُرستاروں نے فلم میں اس کی اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری کو بھی خوب پذیرائی بخشی۔

تازہ ترین