• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشہور زمانہ فلم ’’ کوئین ‘‘ سے بالی ووڈ کی کوئین کا خطاب پانے والی کنگنا رناوت فلم ”تنوویڈز منو3“میں نظر نہیں آئیں گی۔ کنگنا کی جگہ کسی اور اداکارہ کو کاسٹ کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ فلم کے تیسرے حصے کی ہدایتکاری آنند رائے بھی نہیں کریں گے بلکہ پہلی دونوں فلموں کے اسکرپٹ لکھنے والے ہمانشو شرما ”تنو ویڈزمنو“ کے تیسرے حصے کی ہدایات دیں گے۔ کہا جا رہا ہے کہ ہمانشو کے مشورہ پر ہی اس بار کنگنا کو شامل نہیں کیا جا رہا۔

زائد معاوضہ لینے والی اداکارہ

اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے گزشتہ سال فلم ’پدماوت‘ کے لیے ساتھی اداکاروں رنویر سنگھ اور شاہدکپور سے زیادہ معاوضہ لیا تھا جو کہ13کروڑ بھارتی روپے بنتا ہے۔ اتنا بھاری معاوضہ وصول کرنے کے بعد دیپیکا پڈوکون سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بن گئیں تھیں۔ مگر ان کے مدمقابل کنگنا رناوت آگئیں جو پچھلے کئی سالوں سےخود کو سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ قرار دیتی آئی ہیں۔ تاہم اب وہ حقیقتاً بالی ووڈ میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بن چکی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت ان دنوں اپنی نئی آنے والی فلم ’مانی کارنیکا:دی کوئین آف جھانسی‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور انہوں نے اس فلم کے لیے14کروڑ بھارتی روپے معاوضہ وصول کیا ہے اور یوں انہوںنے سب سے زیادہ معاوضہ لینے میں دیپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔ اس فلم سے قبل کنگنا رناوت فی فلم10کروڑ تک معاوضہ لیتی تھیں۔

جھانسی کی رانی

کنگنا رناوت فلم ’مانی کارنیکا:دی کوئین آف جھانسی‘ میں کام کرنا اپنے لیے فخر کا باعث سمجھتی ہیں۔ بقول کنگنا کے وہ اس فلم میںبہت مضبوط کردار ادا کر رہی ہیں۔ وہ فلم میں جھانسی کی رانی کے کردار کے ساتھ پورا انصاف کرنا چاہتی ہیں اور اس کردار میں جاندار اداکاری کے لئے انہوں نے اپنی پوری جان لگادی ہے۔ فلم ’دی کوئین آف جھانسی‘ آئندہ سال25جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔ اس کے بعد کنگنا فلم’’ مینٹل ہے کیا‘‘ میں مصروف ہو جائیں گی۔ کنگنا رناوت کو3بار بہترین اداکارہ اور بہترین معاون اداکارہ کے لیے نیشنل فلم ایوارڈز مل چکے ہیں۔

ریتھک روشن کے ساتھ تنازعہ

بھارتی میڈیا کے مطابق ریتھک روشن کی جانب سے قانون دان مہیش جیٹھ ملانی نے کنگنا رناوت کے خلاف ممبئی پولیس کی کرائم برانچ میں 29صفحات پر مبنی درخواست کے ساتھ مقدمہ درج کروایا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریتھک روشن کو کنگنا رناوت کی جانب سے نازیبا ای میل بھیجی گئیں، جس میں اداکار کو بلیک میل اور پریشان کیا گیا۔ ریتھک روشن کی قانونی ٹیم کی جانب سے ممبئی پولیس کے سائبر کرائم سیل میں رواں برس8اپریل کو کنگنا رناوت کے خلاف درخواست دی گئی تھی۔

کنگنا رناوت اور ریتھک روشن نے ’کائیٹ‘ اور ’کرش تھری‘ میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔ تاہم کنگنا رناوت نے گزشتہ ماہ اپنی فلم ’سمرن‘ کی تشہیر کے دوران میڈیا میں متعدد بار ریتھک روشن اور اداکار ادیتیا پنچولی کی جانب سے بلیک میل کیے جانے کے الزامات لگائے گئے تھے۔

کنگنا بھی ہراسگی ٹو کا شکار

کنگنا رناوت بھی ہراسانی کے خلاف آواز اٹھاچکی ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیاہے کہ انہیں ہدایتکار وکاس بہل نے ہراساں کیاتھا اور انہوں نے مجھ سمیت کئی خواتین کوہراساں کیاہے۔ کنگنا کا کہنا ہے کہ ہدایتکار کے خلاف ماضی میں ایک خاتون نے شکایت بھی کی تھی تاہم اسے خاموش کروادیاگیا۔ اس لڑکی کی حمایت میں بولنے پر مجھے کئی اچھی فلموں سے ہاتھ بھی دھونے پڑے تھے۔

تنوشری کی حمایت

حال ہی میں اداکار نانا پاٹیکر پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کرنے والی اداکارہ تنوشری دتہ کی حمایت میں بولتے ہوئے کنگنا نے بیان دیا تھا کہ وہ ان کی ہمت کی داد دیتی ہیں اور ان کے ساتھ روا رکھے گئے رویےّ کے خلاف آوازاٹھانے پر ان کی حوصلہ افزائی بھی کرتی ہیں، وہ اب بھی ان کے ساتھ ہیں اور آگے بھی ان کا ساتھ دیں گی ۔

کنگنا رناوت اور سیاست

بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی فلم ’دی کوئین آف جھانسی‘ تقریباً مکمل ہونے کو ہے اور کنگنا فلم کی تکمیل کے آخری مراحل میں خاصی مصروف ہیں لیکن ایسے میں بھی وہ ملک کے سماجی اور سیاسی معاملات پر اپنی رائے دینا نہیں بھولتیں۔ مثلاً کنگنا رناوت سے ایک تقریب کے دوران جب سیاسی خیالات کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے مستقبل کی سیاست میں انٹری کا اشارہ دیا۔ 31سالہ کنگنا رناوت نے خود کو کم عمر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابھی وہ سیاست میں انٹری نہیں دینا چاہتیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت چلانے اور سیاست کرنے سے متعلق انھیں ہر چیز کا پتا ہے۔ 

تازہ ترین