• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزادکشمیر میں این ٹی ایس کی خرابیاں سامنے آگئیں، علی شاہنواز

کشمیراسکینڈنیوین کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سردارعلی شاہنواز خان نے کہا ہےکہ آزادکشمیر میں این ٹی ایس کو میرٹ کی علامت بنا کر پیش کیا گیا لیکن گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ اس نظام کی خرابیاں واضح ہوتی جا رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حالیہ واقع نے اس سسٹم کا پردہ فاش کر ڈالا۔سحرش سلطان کیس نے آزاد کشمیر میں جہاں میرٹ کے دعوؤں کی قلعی کھول ڈالی وہاں پورے آزاد کشمیر میں میرٹ کے استحصال کے خلاف جس طرح عوام بالخصوص طلبا باہر نکلے یہ شعور بیدار ہونے کی بڑی مثال ہے۔

کئی مراحل پر اس بیداری کی تحریک کو برادری ازم سے جوڑنے کی کوشش کی گئی تاہم مجموعی طور پر یہ تحریک برادری ازم سے بالا رہی اور تمام اضلاع میں بلاتخصیص یہ تحریک ابھری اور میرٹ کی پامال کرنے والے کے خلاف بلند آواز نے حکمرانوں کو خبر دار کیا کہ اب یہ اقربا پروری مزید نہیں چلے گی۔

نوجوان جاگ رہا ہے اور اپنے حقوق کیلئے آواز بھی بلند کرنی کرنے کی ہمت ثابت کر رہا ہے۔موجودہ صورتحال کے بعد آزاد حکومت کو میرٹ کی بالا دستی اور شفافیت کیلئے سنجیدگی سے سوچنا ہو گا۔ کیونکہ اگر شفافیت نہیں ہو گی تو رد عمل شدید ہو جائےگی اور نظام کا چلنا دشوار ہو جائے گا۔

اس ضمن میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کو ایک قدم آگے بڑھ کر کام کرنا ہو گا اور اپنے آس پاس موجود استحصالی ٹولے کو گھر بھیجنا ہو گا تاکہ نظام کی درستگی ہو سکے اور اگر ایسا نہ کیا تو آئندہ کوئی ایسا واقعہ ہوا تو یہ نہ ہو کہ استحصالی ٹولے کے ساتھ یہ نظام ہی تلپٹ ہو کررہ جائے۔

تازہ ترین