لندن (پی اے) 21 سالہ باکسر ٹام بیل ڈونکاسٹر کے پب میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہو گیا۔ یہ واقعہ جمعرات کو پیش آیا۔ اسے زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ وہ انتہائی باصلاحیت باکسر اور ہمدرد انسان تھا۔ سائوتھ یارکشائر پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔ عینی شاہدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ معلومات فراہم کریں۔ فائرنگ کے اس واقعے میں کوئی اور زخمی نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ ڈونکاسٹر پلانٹ ورکس ایمیچر باکسنگ کلب میں ٹام بیل ٹریننگ کرتا تھا۔ کلب کا کہنا ہےکہ اس کی موت انتہائی افسوس ناک ہے اور یہ ہمارے لئے بڑا نقصان ہے۔ وہ انتہائی با صلاحیت باکسر تھا۔ ہمارے باکسنگ کلب کے ساتھ اس کی طویل وابستگی تھی۔ ہمیں اس کی موت کا سن کر شدید دھچکہ لگا۔ دکھ کی اس گھڑی میں ہم اس کی فیملی کے ساتھ ہیں۔ وہ باکسنگ کا سرمایہ تھا اور اس سے مستقبل میں بڑی امیدیں وابستہ تھیں۔ ہیڈ کوچ پال ہیری سن نے کہا کہ 18 سال کی عمر میں پروفیشنل باکسر بننے سے قبل وہ ہمارے ساتھ پریکٹس کرتا تھا۔ وہ نئے لڑکوں کی حوصلہ افزائی کرتا تھا اور ہمارے جم کا گاہے بہ گاہے وزٹ کرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے اسے قتل کیا ہے، کمیونٹی ان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے متحد ہو، اس کے بغیر ہمارا جم خالی خالی ہوگیا۔