اسلام آباد(جنگ نیوز،ایجنسیاں) جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پاکستان کے 26 ؍ ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔
صدر مملکت نےنئےچیف جسٹس سےحلف لیا، تقریب میں وزیراعظم، مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوئے، بعدازاں سپریم کورٹ پہنچنے پر گارڈ آف آنردیاگیا۔حلف اٹھانے کے بعد کورٹ نمبر ایک میں 3؍ فوجداری مقدمات کی سماعت کی، منشیات کیس میں مجرم کی سزا میں کمی کی درخواست مسترد کردی۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پاکستان کے 26 ؍ ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔ ایوان صدر میں ہونے والی باوقار تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ سے حلف لیا۔ جمعے کو نامزد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی تقریب حلف برداری صبح 10؍ بجے ایوان صدر میں ہوئی،تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ بھی بجایا گیا،حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان، سپریم کورٹ کے جج صاحبان، وفاقی کابینہ کے ارکان، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، سروسز چیفس، گورنرز، وکلاءاور دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔