وزیراعظم عمران خان کا سانحہ ساہیوال سے متعلق سوشل میڈیا پیغام میں کہنا ہے کہ ساہیوال سانحے پر عوام کا غم و غصہ جائز ہے، ذمہ داران کو مثالی سزا دی جائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’سانحہ ساہیوال پر عوام کا غم و غصہ بالکل جائز ہے۔ وہ عوام کو یقین دلاتے ہیں کہقطر دورے سے واپسی پر ساہیوال سانحے کے ذمہ داران کو مثالی سزا دی جائے گی۔‘
وزیراعظم کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب پولیس کے پورے ڈھانچے کا جائزہ لینے کے بعد اس میں اصلاحات کا عمل بھی شروع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان آج قطر کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم کے اس دورے کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
عمران خان یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کر رہے ہیں، جب دو روز قبل یعنی 19 جنوری کی سہہ پہر پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے ساہیوال کے قریب جی ٹی روڈ پر ایک مشکوک مقابلے کے دوران گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور ان کی 13 سالہ بیٹی سمیت 4 افراد جاں بحق اور تین بچے بھی زخمی ہوئے جبکہ 3 مبینہ دہشت گردوں کے فرار ہونے کا دعویٰ کیا گیا۔
میڈیا پر معاملہ آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے بھی واقعے کا نوٹس لیا، دوسری جانب واقعے میں ملوث سی ٹی ڈی اہلکاروں کو حراست میں لے کر تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی۔