• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع حکومتی وفد شہباز شریف سے ملے گا

اسلام آباد (طارق بٹ) دو اراکین پر مشتمل حکومتی وفد قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ملاقات کرے گا تاکہ فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع سے متعلق آئینی ترمیم کیلئے ان کی حمایت حاصل کی جا سکے۔ حزب اختلاف کے ایک سینئررہنما نے دی نیوز کو بتایا کہ حکومت نے ہم سے رابطہ کیا ہے تاکہ وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک کی شہباز شریف سے ملاقات کرائی جاسکے۔ سابق اسپیکر اور سینئر ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف نے حکومت کو بتادیا ہے کہ وہ شہباز شریف یا کسی اور سطح پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں ، اور ہم دیکھیں گے کہ حکومت کے پاس ہمارے سامنے پیش کرنے کیلئے کیا کچھ ہے۔ حزب اختلاف کے نمائندوں نے منگل کے روز اسپیکر اسد قیصر سے ملاقات کی تھی تاکہ بدھ کے روز پیش کئے جانے والے منی بجٹ پر بات کی جاسکے۔ ایاز صادق نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ کام کرے اور وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے بجٹ پیش کئے جانے کے موقع پر مثبت رویہ اختیار کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حکمراں جماعت کنٹینر سے اترے اور عوام کو ڈلیور کرے۔ حزب اختلاف کی جماعتوں نے دو کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جن میں ان کے اتحادی جماعتوں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔
تازہ ترین