سانحہ ساہیوال پر رپورٹ وزیر اعظم عمران خان کو پیش کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کل رات ہی دورہ قطر مکمل کر کے پاکستان پہنچے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں حکومت پنجاب کے اقدامات پر بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی افسروں کو قتل کا ذمے دار قرار دے دیا گیا جبکہ سانحہ ساہیوال میں مقتول میاں بیوی اور انکی بیٹی بے گناہ ثابت ہوئےہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی کے سربراہ سمیت 3 افسروں کو تبدیل کردیا گیا جبکہ 2 افسروں کو معطل بھی کردیا گیا اور واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمات چلائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب پولیس میں اصلاحات کے لیے سفارشات طلب کرلیں اور مسقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے بھی سفارشات طلب کی گئی ہیں۔
یاد رہے قطر روانگی سے قبلوزیر اعظم کا ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ ساہیوال واقعے پر عوام میں پایا جانے والا غم و غصہ بالکل جائز اور قابلِ فہم ہے، قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ قطر سے واپسی پر نہ صرف اس واقعے کے ذمہ داروں کو عبرت ناک سزا دی جائے گی بلکہ پنجاب پولیس کے پورے ڈھانچے کا جائزہ لوں گا۔