کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئیر(ر) خالد کھوکھر نے جمعے کو بین الصوبائی رابطے کی وزارت کے سکریٹری اکبر درانی سے ملاقات کی اور پی ایچ ایف کو درپیش مالی مسائل اورپاکستان سپر ہاکی لیگ کے حوالے سے تفصیلات بتائیں، سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ نے ہاکی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی یقین دہانی کراتے ہوئے حکام کو نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں نئے آسٹرو ٹرف کی تنصیب اور پاکستان اسپورٹس بورڈ میں قومی ہاکی ٹیم کومکمل سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کیں۔ اس موقع پر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہ قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے حوالے سے حکومتی تعاون بے حد ضروری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر فیڈریشن کے ساتھ سابق سکریٹری شہباز احمد اور قائم مقام سکریٹری اخلاق عثمانی بھی موجود تھے، تاہم انہیں ملاقات میں شریک ہونے نہیں دیا گیا۔