• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ ساہیوال کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کو سزا دی جائے،پی پی بولٹن

بولٹن (ابرار حسین) پاکستان پیپلز پارٹی بولٹن کے صدر چوہدری ندیم اقبال سمیلہ اوورسیز نائب صدر شیخ یاسر وسیم نے سانحہ ساہیوال کے ظالمانہ بیہمانہ اور انسانیت سوز واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی اور مذمتی بیان میں کہا ہے کہ انسان نما بھیڑیوں نے معصوم بچوں کے سامنے جس طرح ان کے والدین کو گولیوں کا نشانہ بنایا اس سے پوری قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں، دن دیہاڑے ظلم و بربریت کی اندوہناک کارروائی پر درد دل رکھنے والی قوم غم اور سوگ کے عالم میں ہے۔ مہذب دنیا کی اقوام نے اس سانحہ کو وحشی اور درندگی سے تعبیرکیا ہے جس سے پاکستان عالمی دنیا میں ایک مذاق بن کر رہ گیاہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے والی حکومت اپنے اقتدار اور طاقت کے نشے میں اندھی ہوچکی ہے جو اس صدی کا سب سے بڑا المیہ ہے، انہوں نے کہا جس طرح سے یہ گھنائونا کھیل کھیلا گیا اس کی انہوں نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پولیس اہلکار انسان تو کیا حیوان بھی کہلانے کے حقدار نہیں ان کا نہ تو کوئی دین ہے اور نہ ہی مذہب، وہ صرف اور صرف درندہ صفت انسان ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ان کی ناقص پالیسیوں سے نہ صرف اندرون بلکہ بیرون ملک بھی پاکستانی عوام سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام انتہائی جرأت مند اور غیور ہیں مگر بدقسمتی سے سانحہ ساہیوال پر حکومتی ایوانوں میں بیٹھے ہوئے نمائندے اس واقعہ کو سمجھنے کی صلاحیت کھوچکے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان دوراہے پر کھڑا ہے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور اس سانحہ کی صاف اور شفاف تحقیقات کرائے اور اس میں ملوث افراد کو بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچائے اور سزا دے، اگر ایسا نہ کیا گیا تو آنے والا کل ان کیلئے انتہائی خطرناک ہوگا جس کی حکومت خود ذمہ دار ہوگی۔

تازہ ترین