گھوٹکی(نامہ نگار) سیپکو کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن، 300 سے زاہد کنڈا کنکشن منقطع، لاکھوں روپے بقایاجات وصول کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی اور سیپکو چیف سکھر عبدالغفار ماکو کی خاص ہدایت پر سیپکو گھوٹکی کی جانب سے ایکسین واپڈا کریم بخش سومرو ، ایس ڈی او ٹو عبدالحق ڈاہانی نے اپنے عملے حق نواز سومرو ، لائن سپرنٹنڈنٹ سید امجد شاہ اور دیگر عملے کے ہمراہ مختلف مقامات لیڈیز مارکیٹ ، ڈیوری روڈ ، شہنشاہ کالو نی، گوہر کالونی ، رحموالی ، محلہ انورآباد ، محلہ قادریہ فیکٹری اور دیگر مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے۔ اس سلسلے میں ایکسین کریم بخش سومرو اور ایس ڈی او ٹو عبدالحق ڈاہانی نے صحافیوں کو بتایا کہ سیپکو چیف سکھر عبدالغفار ماکو کی ہدایت پر بجلی چوروں اور غیر قانونی کنڈا کنکشن لگانے والوں کے خلاف آپریشن کرکے 300 سے زائد غیر قانونی کنکشن منقطع کردیئے ہیں بقایاجات کی مد میں لاکھوں روپے بھی وصول کئے گئے ہیں جبکہ جلد شہر کے مختلف علاقوں میں نئے ٹرانسفارمرز بھی لگائے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف نوٹس لے رہے ہیں، جن کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمات بھی درج کرائے جائینگے اور دوسرے مرحلے میں رینجرز کی مدد سے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف جلد کارروائی کی جائیگی۔