اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ استعمار کی ڈکٹیشن پر چلنے والے کبھی بھی ملک کو ترقی یافتہ نہیں بناسکتے اور نہ آزاد مرضی سے فیصلے کر سکتے ہیں،پی ٹی آئی حکومت پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا تسلسل ہے، سہانے خواب دکھا کر عوام کی آرزوؤں کا خون کرنیوالے قوم کے مجرم ہیں ، وہ قوم کے مفادات کے بجائے غیر کے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں، ایوانوں میں براجمان سیاسی قیادت ظالمانہ نظام تبدیل کرنے کے بجائے اپنے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں کارکنان جماعت کی مرکزی تربیت گاہ کے آخری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کو بار بار آزمایا گیا اور ہر بار پچھتانا پڑا،پی ٹی آئی بھی سابقہ حکومتوں کا ہی تسلسل ہے اور ان ہی کے راستے پر چل رہی ہے، ترقی و خوشحالی کے سہانے خواب دکھا کر قوم کی آرزوؤں کا خون کرنے والے قوم کے مجرم ہیں ۔