• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قمر زمان کائرہ کےقریبی عزیز کی اراضی پر پی ٹی آئی کے ایم این اے کاقبضہ آصف زرداری اور کائرہ کی شدید مذمت

لاہور (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کے قریبی عزیز کی اراضی پر پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی فیض الحسن شاہ نے قبضہ کر لیا۔دریائے جہلم کے قریب چودھری شریف کی قیمتی اراضی پر حکمران جماعت کے ایم این اے کے قبضہ کی سابق صدر آصف علی زرداری نے شدید مذمت کی ہے۔ قمر زمان کائرہ سے فون پر گفتگو کرتے ہوئےسابق صدرنے کہا کہ یہ کارروائی پی ٹی آئی کے کارندوں کے غیر جمہوری رویے کی عکاس ہے، ایسے ہتھکنڈوں سے پیپلز پارٹی کو دبایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کو فوراً اس پر نوٹس لینا چاہئے،اراضی کامعاملہ عدالت میں ہے، عدالت کو فیصلہ کرنے دیا جائے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ایم این اے سیاسی انتقام پر اتر آئے ہیں، سیاسی دبائو میں لانے کیلئے ان کے قریبی عزیزوں کی زمینوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے، ان کےعزیزوں کو پی پی کے ساتھ تعلق کی سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ گجرات کو واقعہ کی شکایت کی گئی لیکن وہ سید فیض الحسن سے زمین واگزار کرانے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ نے نوٹس نہ لیا تو علاقے میں نقص امن پیدا ہوگا، ہم صرف نقص امن و امان کی صورتحال سے بچنے کیلئے خاموش ہیں۔
تازہ ترین