سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والے زیشان اور خلیل کے اہلخانہ کو بلالیا۔
قائمہ کمیٹی کے چیئرمین رحمان ملک کا کہنا ہے کہ سینیٹ کی گاڑی لواحقین کو لے کر اجلاس میں آئے گی، سانحے کے متاثرین کمیٹی میں جو کہنا چاہیں گے وہ کہیں گے، وہ خود بتائیں گے کہ کمیٹی نے انہیں پہلے نوٹس نہیں دیا تھا۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل ذیشان اور خلیل کے خاندان والوں کو طلب کیا گیا تھا، جس کی ایوانِ صدر، سینیٹ ترجمان اور قائمہ کمیٹی داخلہ کوئی بھی ذمہ داری قبول کرنے کو تیار نہیں کہ آیا سانحہ ساہیوال کے متاثرین کو کس نے اسلام آباد طلب کرکے پریشان کیا۔
ادھر ایوان صدر کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت کی سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان کے ساتھ کوئی ملاقات طے نہیں تھی۔
دوسری جانب مقتول خلیل کے بھائی جلیل کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ صدر عارف علوی اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کے لئے بلایا تھا۔ میرے اہل خانہ سڑکوں پر خوار ہوتے رہے لیکن ملاقات نہ ہوسکی۔ صدر مملکت کراچی چلے گئے اور ہمارا تماشا بنایا گیا۔