کوئٹہ ( ایجنسیاں) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عالیانی نےڈی آئی جی پولیس آفس لورالائی پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے نا پاک عزائم کامیاب نہیں ہونگے، بزدلانہ حملے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچا یا جائے گاجبکہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھر پور کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لورالائی شہر اور گردونواح کے علاقوں کی سیکورٹی کو مربوط اور موثر جبکہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستانی قوم ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف متحد ہے دہشتگرد ہمیں اس طرح کے اقدامات سے کمزور نہیں کرسکتے دہشتگردوں کے مذموم عزائم خاک میں لائینگے۔ لورالائی میں ڈی آئی جی پویس آفس پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر وپارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند نے لورالائی ڈی آئی جی پولیس کے دفتر پر خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں بیرونی قوتوں کی سازشوں کو ناکام اور بزدلانہ حملے میں ملوث دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچا یا جائے گا شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔علاوہ ازیں نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر سینیٹرمیرکبیراحمدمحمدشہی نے کہاکہ لورالائی میں دہشت گردی کاواقعہ افسوسناک ہے حکومت قیام امن کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ۔