کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں میزبان محمد جنید سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کمیٹی برائے داخلہ رحمٰن ملک نے کہاہےکہ سانحہ ساہیوال پر وزیراعظم عمران خان کو جوڈیشل کمیشن بنانے کے لئے خط لکھ دیا ہے،سینئر صحافی و تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا کہ ن لیگ کی جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے کیلئے آئینی ترمیم ٹوپی ڈرامہ ہے، سینئر صحافی عارف نظامی نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کو ریلیف نہیں ملے گا انہیں طویل قانونی جنگ لڑنا پڑے گی۔چیئرمین سینیٹ کمیٹی برائے داخلہ رحمٰن ملک نے کہا کہ سانحہ ساہیوال کا نوٹس لیتے ہوئے صرف انصاف کا خیال تھا، ساہیوال واقعہ کے بعد سب سے پہلے وزیراعلیٰ پنجاب سے بات کی ، وزیراعلیٰ پنجاب نے سانحہ ساہیوال پر فوری ایکشن لیا جس پر انہیں سراہتا ہوں، سینیٹ کی کمیٹی برائے داخلہ میں تمام پارٹیوں کے ارکان ہوتے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں سانحہ ساہیوال کے مقتولین کوا نصاف دلوانے کیلئے متحد ہیں، کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے سب متفق تھے، پولیس افسران کے کیس میں پولیس افسران پر مشتمل جے آئی ٹی کی طرف سے رعایت برتنے کا احتمال ہے، وفاقی حکومت، ہوم ڈیپارٹمنٹ، آئی جی اور وزیراعلیٰ پنجاب کو سوالات بھجوادیئے ہیں۔