اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے یورپی سفیروں سے ملاقات میں مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کو بند کروانے میں کردار ادا کریں۔ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق دلوایا جائے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کروانا پوری دنیا پر قرض ہے۔ملاقات میں ڈنمارک اور یورپی یونین کے سفیر،برطانیہ و جرمنی کے سینئر سفارتکار آزاد کشمیر اسمبلی کے رکن عبدالرشید ترابی،نائب امیر جماعت میاں محمد اسلم ڈائریکٹر شعبہ امور خارجہ عبد الغفار عزیز اور عابد خواجہ شریک ہوئے۔امیر جماعت اسلامی کی بریفنگ سے پہلے سفارتکاروں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تازہ ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ستر سا ل سے بھارتی ظلم ستم سہنے کے باوجود کشمیری عوام اپنے حق آزادی سے دست بردار نہیں ہوئے۔ پاکستانی حکومتوں سمیت دنیا میں کسی نے ان کی مطلوبہ مدد نہیں کی اور نہ ان پر ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آوازاٹھائی گئی،لیکن اس سب کچھ کے باوجود کشمیری عوام اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے۔