بلوچستان کے شہر لورالائی میں گزشتہ روز ڈی آئی جی پولیس کے دفتر پر حملے کے خلاف لورا لائی اور قلعہ سیف اللہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔
گزشتہ روز ڈی آئی جی آفس پر حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی تدفین آج کر دی جائے گی، واقعے کا مقدمہ تاحال درجہ نہیں ہو سکا ہے۔
پولیس کے مطابق لورالائی میں ڈی آئی جی پولیس کے دفتر پر حملے کے بعد شہر کی فضا سوگوار ہے، حملے کا مقدمہ ابھی تک درج نہیں کیا گیا ہے۔
حملے میں جاں بحق پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی، جس کے بعد تدفین کی جائے گی۔
دوسری جانب حملے کے خلاف انجمن تاجران کی کال پر شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے، اس موقع پر دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں۔
ادھر قلعہ سیف اللہ میں بھی لورالائی میں دہشت گردی کے واقعات کے خلاف ہڑتال کی جارہی ہے، شہر کے تمام تعلیمی ادارے، بازار، مارکیٹیں اور تجارتی مراکز بند ہیں، سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم چل رہا ہے۔
گزشتہ روز دوپہر کے وقت لورالائی میں ڈی آئی جی پولیس کے دفتر پر دہشت گرد حملے، فائرنگ اور دھماکے کےنتیجے میں پولیس ملازمین اور اہلکاروں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ اہلکاروں سمیت 21 افراد زخمی ہوئے۔